آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ برینڈا فریکر81برس کی عمر میں چل بسیں

ہفتہ 18 جولائی 2026 12:04

آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ برینڈا فریکر81برس کی عمر میں چل بسیں
ڈبلن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2026ء) آسکر ایوارڈ یافتہ آئرلینڈ کی معروف اداکارہ برینڈا فریکر 81 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔برینڈا فریکر مائی لیفٹ فٹ، ہوم الون 2:لاسٹ ان نیو یارک اور بی بی سی کے ڈرامے کیجولٹی میں اپنی یادگار اداکاری کی وجہ سے مشہور تھیں۔انہوں نے مائی لیفٹ فٹ میں شاندار اداکاری پر 1990میں بہترین معاون اداکارہ کا اکیڈمی ایوارڈ (آسکر)جیت کر تاریخ رقم کی اور آسکر حاصل کرنے والی پہلی آئرش اداکارہ بنی تھیں۔

(جاری ہے)

ڈبلن میں فروری 1945میں پیدا ہونیوالی برینڈا نے اپنے کیریئر کا آغاز 1970 کی دھائی میں تھیٹر اور ٹیلی ویژن سے کیا تھا۔ان کے ایجنٹ فل بیل فیلڈ نے میڈیا کو جاری اپنے بیان میں ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ان جیسی شخصیت دوبارہ کبھی دیکھنے کو نہیں ملے گی۔انھوں نے کہا کہ ان کی عدم موجودگی نے دنیا کو پہلے سے زیادہ تہی دامن کر دیا ہے، میرے لیے یہ اعزاز کی بات تھی کہ میری ان سے شناسائی تھی اور ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ایجنٹ فل بیل فیلڈ نے مزید کہا کہ وہ ہمیشہ میرے دل میں اور مجھ سمیت دنیا بھر کے بے شمار فلم بینوں اور ٹی وی مداحوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔

متعلقہ عنوان :