معروف شاعر ساغرصدیقی کی 52ویں برسی (کل )منائی جائیگی

ہفتہ 18 جولائی 2026 12:13

معروف شاعر ساغرصدیقی کی 52ویں برسی (کل )منائی جائیگی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2026ء) معروف شاعر ساغر صدیقی کی 52ویں برسی کل ( اتوار)19جولائی کو منائی جائے گی ۔ساغر صدیقی کا اصل نام محمد اختر تھا اور وہ 1928میں انبالہ میں پیدا ہوئے۔ ساغر صدیقی نے کم عمری میں ہی شاعری شروع کر دی تھی، شاعری کے ابتدائی دور میں انہوں نے ناصر حجازی کے تخلص سے لکھا لیکن بعد میں ساغر صدیقی کے نام سے خود کو منوایا۔

ساغر صدیقی نے 16 سال کی عمر میں باقاعدہ طور پر مشاعروں میں حصہ لینا شروع کردیا تھا۔ وہ جالندھر، لدھیانہ اور گورداسپور میں منعقد ہونے والے مشاعروں میں حصہ لیتے تھے۔ ساغر کی آواز میں بلا کا سوز تھا اور وہ اپنے اشعار ترنم کے ساتھ پڑھتے تھے۔ ساغر کی اصل شہرت 1944 میں ہوئی جب امرتسر میں ہونے والے ایک بڑے مشاعرے میں انہوں نے حصہ لیا۔

(جاری ہے)

اس شب انہوں نے صحیح معنوں میں مشاعرہ لوٹ لیا۔

1947 میں قیام پاکستان کے بعد ساغر صدیقی بھی ہجرت کر کے لاہور آگئے، اس وقت تک وہ مشاعروں کے بڑے کامیاب شاعر بن چکے تھے۔ یہاں فنون لطیفہ سے منسلک لوگوں نے ساغر کے کام کو ہاتھوں ہاتھ لیا، ان کا کلام مختلف پرچوں میں چھپنے لگا، فلم بنانے والوں نے ان سے گیتوں کی فرمائش کی تو ساغر کے لکھے گیت سپر ہٹ ہوئے۔ساغرصدیقی نے ابتدائی عمر میں ہی شاعری شروع کردی تھی۔انہوں نے فلموں کے لئے متعددغزلیں لکھیں اور ایک ادبی جریدہ بھی شائع کیا۔ساغرصدیقی 19جولائی 1974کو جہان فانی سے کوچ کر گئے تھے اور لاہور میں آسودئہ خاک ہیں۔ساغر صدیقی کی وفات کے بعد ان کے کل چھ شاعری مجموعے منظر عام پر آئے۔