نادرا نے شہریوں کے لیے سیلف سروس کیاسک متعارف کرا دیے

شناختی کارڈ اور نائیکوپ کی تجدید، گم شدہ کارڈ کا متبادل اور فوت شدہ افراد کے کارڈ کی منسوخی سمیت متعدد خدمات اب خود انجام دینا ممکن

بدھ 22 جولائی 2026 14:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2026ء) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کو مزید سہولت فراہم کرنے کے لیے سیلف سروس کیاسک متعارف کرا دیے ہیں، جن کے ذریعے متعدد اہم خدمات کے لیے درخواستیں نادرا کے عملے کی مدد کے بغیر خود جمع کرائی جا سکیں گی۔نادرا کے مطابق سیلف سروس کیاسک کے ذریعے شہری کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (سی این آئی سی) اور نائیکوپ کی تجدید، گم یا خراب ہونے والے شناختی کارڈ کا متبادل حاصل کرنے اور خاندان کے کسی فوت شدہ فرد کے شناختی کارڈ کی منسوخی کے لیے خود درخواست جمع کرا سکتے ہیں، جس سے درخواستوں کی تکمیل کا عمل مزید تیز اور آسان ہو جائے گا۔

نادرا نے ابتدائی مرحلے میں یہ سہولت ملک بھر کے متعدد میگا اور رجسٹریشن مراکز پر فراہم کی ہے۔

(جاری ہے)

کراچی میں سیلف سروس کیاسک نادرا میگا سینٹر ڈی ایچ اے، نادرا میگا سینٹر نارتھ ناظم آباد اور نادرا میگا سینٹر سیمنس چورنگی میں نصب کیے گئے ہیں۔اسلام آباد میں یہ سہولت نادرا میگا سینٹر بلیو ایریا اور نادرا رجسٹریشن سینٹر بھارہ کہو میں دستیاب ہے، جبکہ راولپنڈی میں نادرا میگا سینٹر مری روڈ، نادرا سینٹر سی ایس ڈی اور نادرا سینٹر واہ کینٹ میں شہری اس سہولت سے استفادہ کر سکتے ہیں۔

لاہور میں نادرا میگا سینٹر داتا گنج بخش، ایجرٹن روڈ اور پیکو روڈ پر قائم مراکز میں سیلف سروس کیاسک نصب کیے گئے ہیں، جبکہ پنجاب کے دیگر شہروں گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، جھنگ، سرگودھا، ملتان، بہاولپور اور رحیم یار خان کے منتخب نادرا مراکز میں بھی یہ سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔اس کے علاوہ حیدرآباد کے بگ سینٹر، سکھر سٹی سینٹر، کوئٹہ سینٹر اور کینٹ سینٹر، جبکہ پشاور کے رنگ روڈ میگا سینٹر میں بھی شہری سیلف سروس کیاسک کے ذریعے اپنی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔

نادرا نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو تیز، آسان اور جدید سہولیات فراہم کرنا، انتظار کا دورانیہ کم کرنا اور نادرا مراکز پر رش میں کمی لانا ہے۔ ادارے کے مطابق مستقبل میں سیلف سروس کیاسک کا دائرہ کار مزید شہروں اور مراکز تک بھی توسیع دی جائے گی۔