پی ٹی آئی حکومت کی تیرہ سالہ خراب طرز حکمرانی کی بدولت خیبر پختونخوا تاریخ کے نازک اور تشویشناک دور سے گزر رہا ہے، سکندر شیرپاؤ

اتوار 26 جولائی 2026 22:12

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جولائی2026ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کی تیرہ سالہ خراب طرز حکمرانی کی بدولت خیبر پختونخوا تاریخ کے نازک اور تشویشناک دور سے گزر رہا ہے، امن و امان کی مسلسل بگڑتی ہوئی صورتحال، دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات، بے روزگاری، غربت، مہنگائی، بدعنوانی، گرتا ہوا نظامِ تعلیم و صحت اور حکومتی نااہلی نے صوبے کے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین زیم ضلع چارسدہ میں شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرپی ٹی آئی کے سرکردہ کارکنوں اور علاقہ کی اہم شخصیات محمد علی حاجی صاحب،جان عالم،ابراہیم خان اور ناصر خان نے اپنے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

سکندر شیرپاؤ نے پارٹی میں شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ صوبہ اور عوام کے مسائل کئے حل کیلئے متحدہ جدوجہد کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی برسوں سے صوبے پر حکمرانی کرنے والوں نے عوام کو خوشحال، پرامن اور ترقی یافتہ خیبر پختونخوا کے خواب دکھائے مگر حقیقت اس کے برعکس نکلی۔ آج نہ صرف امن و امان کی صورتحال تشویشناک ہے بلکہ صوبہ بھر میں دہشت گردی کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ عوام خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں جبکہ حکومت اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی اضلاع، ضم شدہ قبائلی اضلاع، ملاکنڈ ڈویژن سمیت پورے صوبے کے عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ سڑکوں، صحت، تعلیم، روزگار اور انفراسٹرکچر کی حالت انتہائی خراب ہے جس کی وجہ سے عوام میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔ سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے نوجوان بے روزگاری کے باعث ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔ لاکھوں تعلیم یافتہ نوجوان ملازمتوں سے محروم ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ان میں مایوسی بڑھ رہی ہے اور انہیں بہتر مستقبل کی کوئی امید نظر نہیں آتی۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ آٹا، چینی، گھی، بجلی، گیس، ادویات، پٹرولیم مصنوعات اور روزمرہ استعمال کی دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں جبکہ صوبائی حکمران عوامی مسائل کے حل کے بجائے بانی کی رہائی اور سیاسی محاذ آرائی میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اچھی طرز حکمرانی، شفافیت، قانون کی بالادستی اور میرٹ کے دعوے صرف نعروں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں جبکہ عوام کو عملی طور پر کوئی ریلیف نہیں ملا۔

انہوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی ہمیشہ عوام کے حقوق، صوبے کے وسائل، امن، ترقی اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی۔ پارٹی ہر اس اقدام کی حمایت کرے گی جو خیبر پختونخوا کے عوام کے مفاد میں ہوگا جبکہ عوام دشمن پالیسیوں، نااہلی، بدعنوانی اور صوبے کے ساتھ ہونے والی ہر قسم کی ناانصافی کے خلاف بھرپور اور جمہوری انداز میں اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ حکمران عوام کو محض دعووں اور نعروں کے بجائے عملی اقدامات کے ذریعے ریلیف فراہم کریں کیونکہ خیبر پختونخوا مزید تجربات، غفلت اور ناقص حکمرانی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔