غازی ملت سردارمحمد ابراہیم خان نے آزادکشمیر کی آزادی میں اہم کردار ادا کیا ، چوہدری لطیف اکبر

جمعرات 30 جولائی 2026 15:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2026ء) قائم مقام صدر آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر نے کہا ہے کہ غازی ملت سردارمحمد ابراہیم خان مرحوم نہ صرف آزادکشمیر کے پہلے بانی صدر تھے بلکہ انہوں نے آزادکشمیر کی آزادی میں اہم کردار ادا کیا اور تحریک آزادی کشمیر کی قیادت بھی کی،اقوام متحدہ میں بھی کشمیریوں کی نمائندگی کی اور اس خطے کو آزاد کرایا۔

انہوں نے غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 19 جولائی 1947 کو سردار محمد ابراہیم خان کی سرینگر میں رہائش گاہ پر قرارداد الحاق پاکستان منظور کی گئی جس سے کشمیریوں نے اپنے مستقبل کا تعین پاکستان کے ساتھ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنے آبا ئواجداد کے نظریہ الحاق پاکستان کو عملی شکل دے کر رہیں گے جس کے لئے لاکھوں کشمیریوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اور اب بھی مسلسل قربانیاں دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سردار محمدابراہیم خان کا آزادکشمیر کی آئینی جدوجہد میں بھی اہم کردار ہے، آزادکشمیر کی تعمیر وترقی میں سردار محمد ابراہیم خان کی خدمات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان نے 24اکتوبر 1947 کو آزادکشمیر میں بننے والی حکومت کی بنیاد رکھی اور صدر بنے، وہ آزادکشمیر کے پہلے بانی صدر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس بات کا تجدید عہد کرتے ہیں کہ ہم آزادی کے بیس کیمپ سے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اُٹھانے اور بھارت کی جانب سے جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی کو رکوانے اور جموں و کشمیر کی آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔