کوئلے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور گاڑیوں کی ہڑتال سے اینٹ بھٹہ انڈسٹری شدید متاثر ہو کر رہ گئی ہے،بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن

جمعرات 30 جولائی 2026 23:11

جڑانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 جولائی2026ء) بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن شیخوپورہ روڈ فیصل آباد کے صدر رانا فرمان خاں نے کہا ہے کہ ملک بھر میں کوئلے کی قیمتوں میں ہونیوالے مسلسل اضافے اور گاڑیوں کی ہڑتال کے باعث اینٹ بھٹہ انڈسٹری شدید متاثر ہو کر رہ گئی ہے، جس کی وجہ سے نہ صرف اینٹوں کی پیداوار میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے بلکہ تعمیراتی سرگرمیاں بھی جمود کا شکار ہو گئی ہیں۔

پیداواری لاگت بڑھنے کی وجہ سے اینٹوں کی فی ہزار قیمت میں اضافہ کرنا ہماری مجبوری بن چکا ہے، لیکن دوسری جانب مارکیٹ میں اینٹوں کی طلب کم ہو رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں شیخوپورہ روڈ،ملت روڈ، جھمرہ سیکٹرز کی مشترکہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سینئر نائب صدررانا شیر خاں،جنرل سیکر ٹری حاجی غلام مصطفی،رانا ندیم خاں، رضوان رحمانی،رانا عدنان نصیر سرفراز جپہ، اسرار رحمانی، میاں قربان، چوہدری سعید،میاں شعیب،میاں نعیم،خالد پٹواری، میاں منصب، ملک چاند،میاں انور،میاںعبد الرحمن،توقیر عالم سندھو و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

رانا فرمان خاں نے کہا کہ اس بحران کے باعث درجنوں بھٹے عارضی طور پر بند ہو چکے ہیں، جس کی وجہ سے لاکھوں دیہاڑی دار مزدوروں کے چولہے ٹھنڈے ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔انہوں نے حکومت سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے کہ کوئلے کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے جامع پالیسی بنائی جائے اور ٹرانسپورٹرز کے تحفظات دور کر کے ہڑتال کو ختم کرایا جائے، تاکہ ایک طرف اینٹ بھٹہ صنعت تباہی سے بچ سکے اور دوسری طرف تعمیراتی شعبہ دوبارہ بحال ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :