Live Updates

قیمتوں کے حساس اشاریے کی بنیاد پر ہفتہ وار مہنگائی میں 0.91 فیصد کمی

جمعہ 31 جولائی 2026 23:33

قیمتوں کے حساس اشاریے  کی بنیاد پر ہفتہ وار مہنگائی میں 0.91 فیصد کمی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2026ء) ملک میں قیمتوں کے حساس اشاریے (ایس پی آئی) کی بنیاد پر ہفتہ وار مہنگائی میں 0.91 فیصد کمی ہوئی ۔پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کے مطابق 30 جولائی 2026 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اشاریے کی بنیاد پر ہفتہ وار مہنگائی میں 0.91 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح 9.05 فیصد رہی۔

اعداد و شمار کے مطابق زیرِ جائزہ ہفتے میں ایس پی آئی360.88 پوائنٹس سے کم ہو کر 357.61 پوائنٹس پر آگیا، یہ اشاریہ 2015-16 کو بنیاد بناتے ہوئے ملک کے 17 شہری مراکز میں 51 ضروری اشیائے خور و نوش کی قیمتوں کی بنیاد پر تیار کیا جاتا ہے۔کم آمدنی والے طبقے 17 ہزار 732 روپے تک ماہانہ اخراجات رکھنے والے خاندانوں کے لئے مہنگائی میں 1.19 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ 17,733 سے 22,888 روپے، 22,889 سے 29,517 روپے، 29,518 سے 44,175 روپے اور 44,175 روپے سے زائد آمدنی والے گروپوں کے لئے بھی بالترتیب 1.37 فیصد، 0.97 فیصد، 0.81 فیصد اور 0.68 فیصد کمی دیکھی گئی۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق 51 ضروری اشیاء میں سے 27 اشیاء (52.94 فیصد) کی قیمتوں میں اضافہ، 6 اشیاء (11.77 فیصد) کی قیمتوں میں کمی جبکہ 18 اشیاء (35.29 فیصد) کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ہفتہ وار بنیاد پر سب سے زیادہ کمی ٹماٹر کی قیمت میں 22.96 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ مرغی کا گوشت 11.20 فیصد، بجلی کے پہلے سہ ماہی ٹیرف کے چارجز 9.06 فیصد، کیلے 0.70 فیصد، چینی 0.16 فیصد اور دال مونگ 0.15 فیصد سستی ہوئی۔

دوسری جانب سب سے زیادہ اضافہ پیاز کی قیمت میں 7.62 فیصد ہوا جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل 4.17 فیصد، انڈے 3.16 فیصد، پٹرول 2.46 فیصد، گندم کا آٹا 2 فیصد، آلو 1.93 فیصد، ایل پی جی 1.90 فیصد، چنا دال 1.44 فیصد، اڑھائی کلو سبزی گھی 0.71 فیصد، ماش دال 0.69 فیصد، مسور دال 0.64 فیصد اور جلانے کی لکڑی 0.15 فیصد مہنگی ہوئی۔سالانہ بنیاد پر آلو کی قیمت میں 30.89 فیصد، چنا دال 19.89 فیصد، مرغی کا گوشت 19.56 فیصد، چینی 17.48 فیصد، نمک پاؤڈر 14.09 فیصد، مسور دال 12.80 فیصد، انڈے 8.38 فیصد اور دال مونگ 7.38 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

دوسری جانب گزشتہ سال کے اسی ہفتے کے مقابلے میں ٹماٹر کی قیمت میں سب سے زیادہ 228.71 فیصد اضافہ ہوا جبکہ پیاز 95.36 فیصد، گندم کا آٹا 78.65 فیصد، ایل پی جی 51.76 فیصد، ڈیزل 37.42 فیصد، پیٹرول 23.28 فیصد، مردانہ اسپنج چپل 16.69 فیصد، مٹن 16.06 فیصد، سرخ مرچ پاؤڈر 15.20 فیصد، کیلے 14.69 فیصد، گائے کا گوشت 13.44 فیصد اور بریڈ 9.69 فیصد مہنگی ہوئی۔
Live پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سے متعلق تازہ ترین معلومات