ٹنڈوالہیار میں منشیات فروشوں کے خلاف پولیس کی کارروائیاں، 9 ملزمان گرفتار، گٹکا، شراب اور خام مال برآمد

پیر 3 اگست 2026 11:45

ٹنڈوالہیار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2026ء) ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس حیدرآباد رینج طارق رزاق خان دہاریجو کی ہدایات پر ایس ایس پی ٹنڈوالہیار سید سلیم شاہ کی نگرانی میں ضلع بھر میں منشیات فروشوں، جرائم پیشہ عناصر اور اشتہاری ملزمان کے خلاف سرچ آپریشن کیا گیا۔ کارروائیوں کے دوران مختلف علاقوں سے 9 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف 7 مقدمات درج کر لیے گئے۔

پولیس کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران مختلف مشتبہ مقامات کی تلاشی لی گئی، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 40 لیٹر دیسی شراب، ایک ہزار 485 عدد گٹکا، 100 عدد مین پڑی، 7 کلو گٹکا بنانے کا خام مال اور ایک گٹکا بنانے والی مشین برآمد کی گئی۔تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او بکیرا شریف نے کارروائی کرتے ہوئے منشیات اور شراب فروشی میں ملوث تین ملزمان معشوق علی، شیراز علی اور طارق کو گرفتار کیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 40 لیٹر دیسی شراب، 100 عدد گٹکا، 7 کلو خام مال اور ایک گٹکا بنانے والی مشین برآمد ہوئی، جبکہ ان کے خلاف سرکار کی مدعیت میں دو مقدمات درج کیے گئے۔ایس ایچ او چمبڑ نے کارروائی کے دوران ممتاز علی اور راج کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 880 عدد گٹکا برآمد کیا اور دونوں ملزمان کے خلاف دو مقدمات درج کیے۔اسی طرح ایس ایچ او بی سیکشن نے پرویز اور الہڈنو عرف شاہزیب کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 400 عدد گٹکا برآمد کیا، جبکہ ایس ایچ او اے سیکشن نے فیصل کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 100 عدد مین پڑی برآمد ہونے پر مقدمہ درج کیا۔

پولیس کے مطابق ایس ایچ او عمر ساند نے بھی کارروائی کرتے ہوئے سجاد علی کو گرفتار کیا، جس کے قبضے سے 105 عدد گٹکا برآمد ہوا، جس پر سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ایس ایس پی ٹنڈوالہیار سید سلیم شاہ نے کہا کہ ضلع بھر میں منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :