سپریم کورٹ، پرویز الٰہی نے جسمانی ریمانڈ سے متعلق اپیل واپس لے لی، درخواست خارج

پیر 3 اگست 2026 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2026ء) سپریم کورٹ نے غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق کیس میں سابق وزیراعلی پنجاب پرویز الٰہی کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کے خلاف دائر اپیل واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی۔پیر کو جسٹس ہاشم کاکڑ کی سربراہی میں 2رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، دوران سماعت پرویز الٰہی کے وکیل عامر سعید راں نے مو قف اختیار کیا کہ مقدمے میں ایک اہم قانونی سوال موجود ہے۔

(جاری ہے)

جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دیئے کہ کیا یہ اپیل غیر موثر نہیں ہو چکی انہوں نے کہا کہ آپ ایک غیر موثر معاملے پر محض علمی بحث کرنا چاہتے ہیں۔وکیل عامر سعید راں نے عدالت کو بتایا کہ پرویز الٰہی کی ضمانت کے خلاف حکومت کی اپیل بھی خارج ہو چکی ہے، اس پر جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دیئے کہ اپیل واپس لے کر متعلقہ فورم سے رجوع کریں۔بعد ازاں پرویز الٰہی کی قانونی ٹیم نے جسمانی ریمانڈ سے متعلق اپیل واپس لے لی، جس پر سپریم کورٹ نے درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی۔