جہلم ویلی میں ن لیگ، پیپلز پارٹی کارکنوں میں تصادم، 20 افراد گرفتار

منگل 4 اگست 2026 16:43

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2026ء) آزاد کشمیر کے ضلع جہلم ویلی میں مسلم لیگ (ن)اور پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے درمیان ہونے والے تصادم کے بعد صورتحال کشیدہ ہوگئی جبکہ سٹی تھانہ ہٹیاں بالا میں بھی ہنگامہ آرائی کے دوران سرکاری املاک کو نقصان پہنچا۔پولیس کے مطابق کشیدگی کا آغاز نومنتخب رکن قانون ساز اسمبلی دیوان علی خان چغتائی کے آبائی گاں گوہر آباد میں ہوا جہاں پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن)کے کارکنوں کے درمیان تلخ کلامی نے دیکھتے ہی دیکھتے پرتشدد تصادم کی صورت اختیار کرلی۔

بعد ازاں دونوں گروپ سٹی تھانہ ہٹیاں بالا پہنچے، جہاں دوبارہ جھگڑا شروع ہوگیا۔ ہنگامہ آرائی کے دوران تھانے کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ متعدد گاڑیوں کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔

(جاری ہے)

پولیس نے حالات پر قابو پانے کے لیے لاٹھی چارج کیا جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔واقعہ کے بعد ضلع بھر سے پولیس کی اضافی نفری طلب کرلی گئی۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ممبر ضلع کونسل فیصل مغل، ممبر ضلع کونسل اسد چغتائی، ٹھیکیدار آزاد مغل سمیت 20 افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ تین گاڑیاں بھی تحویل میں لے لی گئیں۔

پولیس کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف انسدادِ دہشت گردی ایکٹ سمیت دیگر متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔دریں اثنا ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی اور ایس پی جہلم ویلی بھی موقع پر پہنچ گئے اور حالات کا جائزہ لیا۔ضلعی انتظامیہ نے سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے پولیس کو واقعے میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔