پنجاب آرٹس کونسل فیصل آباد میں 7 اگست کومحفل ِ مشاعرہ کا انعقادکیا جائے گا، نامور شعراشرکت کریں گے

منگل 4 اگست 2026 22:53

جڑانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 اگست2026ء) پنجاب آرٹس کونسل فیصل آباد کے زیرِ اہتمام اور پیغامِ محبت پاکستان یوتھ ونگ کے تعاون سے 7 اگست 2026 کو ایک شاندار محفلِ مشاعرہ کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس ادبی تقریب کا مقصد اردو زبان و ادب کے فروغ، شعری روایات کے تحفظ اور مقامی شعرا کو اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔

محفلِ مشاعرہ کی صدارت معروف شاعر سرور خان سرور کریں گے، جبکہ ممتاز شاعر مرزا کامران سعید مہمانِ شاعر کی حیثیت سے خصوصی شرکت کریں گے۔ اس موقع پر شہر کے منتخب شعرا بھی اپنا تازہ کلام پیش کریں گے جس سے حاضرین کو معیاری اور خوبصورت شاعری سننے کا موقع ملے گا۔تقریب 7 اگست 2026 بروز جمعہ شام 5:00 بجے فیصل آباد آرٹس کونسل میں منعقد ہوگی۔

(جاری ہے)

منتظمین کے مطابق محفل میں ادب، شاعری اور ثقافت سے وابستہ شخصیات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔پنجاب آرٹس کونسل کے ترجمان کے مطابق ایسی ادبی سرگرمیاں نہ صرف اردو ادب کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں بلکہ نوجوان نسل میں مطالعہ، تخلیقی سوچ اور ادبی ذوق کو بھی پروان چڑھانے کا ذریعہ بنتی ہیں۔ انہوں نے ادب دوست شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس ادبی نشست میں بھرپور شرکت کرکے شعر و ادب کی اس خوبصورت روایت کو مزید مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔مزید معلومات کے لیے پنجاب آرٹس کونسل فیصل آباد کے رابطہ نمبر 041-9200781 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔