یومِ استحصالِ کشمیر پر آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں احتجاجی ریلیاں

بدھ 5 اگست 2026 23:18

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 اگست2026ء) 5 اگست یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر آزاد جموں و کشمیر کے مختلف شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں، جن میں حریت رہنماؤں، وکلا، سول سوسائٹی، سرکاری افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔مظفرآباد میں لبریشن سیل کے زیر اہتمام وزیراعظم سیکریٹریٹ سے یادگارِ شہدا تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

شرکا نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حقِ خودارادیت کے حق میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔میرپور اور بھمبر میں بھی یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ریلیوں کا انعقاد کیا گیا، جن میں شہریوں نے کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے بھرپور شرکت کی۔ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ 5 اگست 2019 مقبوضہ جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے ۔

(جاری ہے)

بھارت کی جانب سے 5 اگست 2019 کو کیے گئے اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں۔مقررین کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدامات کشمیری عوام کے حوصلے پست نہیں کرسکتے اور کشمیریوں کی حقِ خودارادیت کے لیے منصفانہ جدوجہد کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھی جائے گی۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیا جائے اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

مقررین نے کہا کہ مضبوط، مستحکم اور محفوظ پاکستان ہی کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کی مؤثر حمایت جاری رکھ سکتا ہے۔ریلیوں کے اختتام پر شرکا نے شہدائے کشمیر کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور کشمیری عوام کی کامیابی، سلامتی اور حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔