ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد نے امتحان میٹرک (اول) سالانہ 2026ء کے نتائج کا اعلان کردیا

جمعرات 6 اگست 2026 19:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2026ء) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد نے امتحان میٹرک کلاس دہم و کمپوزٹ (اول) سالانہ 2026ء کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ نتائج کی پروقار تقریب چیئرمین بورڈ پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین کی زیرصدارت تعلیمی بورڈ فیصل آباد کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی۔حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق 10 بجے دن چیئرمین تعلیمی بورڈ فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین نے لیپ ٹاپ کا بٹن دبا کر رزلٹ آن لائن کیا جس کے ساتھ ہی رزلٹ بورڈ کی ویب سائیٹ www.bisefsd.edu.pk پر بھی اَپ لوڈ ہو گیا۔

اس موقع پر چیئرمین بورڈ پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پوزیشن ہولڈرز طلباء وطالبات کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ ان کی کامیابیوں کے پیچھے ان کے والدین کی دعائیں اور اساتذہ کرام کی محنت شامل ہے اس لئے وہ بھی ہدیہ تبریک کے مستحق ہیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین بورڈ نے کہا کہ امتحان میٹرک (اول)سالانہ 2026ء کا انعقاد 27 مارچ 2026ء کو ہوا جس میں کل 192925 طلباء وطالبات شریک ہوئے جن میں سے 144089 پاس ہوئے اور یوں کامیابی کا تناسب 74.69 فیصد رہا۔

چیئرمین بورڈ نے کہا کہ بچوں کے پیپرز لینے سے لے کر نتائج کی تیاری کے تمام مراحل میں حکومت پنجاب کے ایس او پیز کا مکمل خیال رکھا گیا۔ اس سلسلہ میں سیکرٹر ی بورڈوکنٹرولر امتحانات سمیت بورڈ کی پوری ٹیم نے محنت‘ دیانتداری اور شفافیت کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیئے جس کی بدولت آج ہم الحمداللہ بروقت نتائج دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف و صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کے ویژن کے مطابق طلباء وطالبات کی حوصلہ افزائی و ان کو سہولیات کی بروقت و آسان فراہمی میری ترجیحات میں شامل ہے۔

اس موقع پر سیکرٹری بورڈ پروفیسر ڈاکٹر سلیم تقی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شفاف و غلطیوں سے پاک و شفاف نتائج کی تیاری پر ہم اللہ تعالیٰ کے شکرگزار ہیں بلاشبہ اس مقصد کیلئے تمام تر پراسیس کیلئے بڑی محنت دیانتداری و شفافیت کی ضرورت تھی جس پر بورڈ ملازمین نے کماحقہ اپنے فرائض سرانجام دیئے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بورڈ پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین کی قیادت میں انشاء اللہ طلباء وطالبات کو درپیش مسائل اب فوری حل ہوں گے۔

اس موقع پر کنٹرولر امتحانات پروفیسر رانا عتیق الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد بورڈ جدید ترین کمپیوٹرائزڈ نظام کے ذریعے عصری تقاضوں سے ہم آہنگ وفول پروف خدمات سرانجام دے رہا ہے جس کی بنیاد شفافت ،دیانتداری،مستقل مزاجی اور عمل پیہم کے چار بنیادی اصولوں پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ امتحان کیلئے رجسٹریشن ہوتے ہی طالب علم بورڈ کی امانت بن جاتا ہے رول نمبر سلپ کے اجراء، پرچہ جات کی مارکنگ، سپر چیکنگ، انتہائی رازداری اور شفاف انداز سے رزلٹ کی تیاری میں بورڈ کے کارکن سے لے کر آفیسر تک مکمل تندہی و ذمہ داری سے اپنے فرائض سرانجام دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد بورڈ نے 192925 طلباء وطالبات کیلئے فیصل آباد،جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ اضلاع میں ان کے گھروں کے نزدیک 547 الگ الگ امتحانی مراکز قائم کئے تاکہ امیدواران کو امتحانی مراکز پہنچنے میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ امتحان میٹرک (سیکنڈ) سالانہ 2026ء کا آغاز انشاء اللہ6اکتوبر 2026ء سے ہو گا جس کیلئے سنگل فیس کے ساتھ داخلہ فارم 07 اگست تا19 اگست،دوگنا فیس کے ساتھ 20 اگست تا25 اگست اور تین گنا فیس کے ساتھ26 اگست تا 29 اگست 2026ء تک ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد میں جمع کروائے جا سکیں گے۔

اس موقع پر چیئرمین بورڈ پروفیسر رانا بنیامین نے پوزیشن ہولڈرز طلباء وطالبات کو انعامات، میڈلز وسرٹیفکیٹس سے نوازا،تقریب میں پوزیشن ہولڈرز طلباء وطالبات کے والدین، اساتذہ کرام و شعبہ تعلیم سے وابستہ اہم شخصیات نے شریک ہو کر نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں کی حوصلہ افزائی کی اسٹیج سیکرٹری کے فرائض ریٹائرڈ پروفیسر صفدر حسین شاہ نے سرانجام دیئے بعد میں تمام پوزیشن ہولڈرز طلباء وطالبات کا چیئرمین بورڈ کے ساتھ گروپ فوٹو ہوا اور انہیں پھولوں کے بقے بھی دیئے گئے۔

تقریب تقسیم انعامات کے بعد سیکرٹری بورڈ پروفیسر ڈاکٹر سلیم تقی شاہ نے چیئرمین بورڈ پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔ علاوہ ازیں ،چیئرمین بورڈ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ نتائج انتہائی احتیاط و حکومت پنجاب کے ایس او پیز کے مطابق تیار کئے گئے ہیں جن میں غلطی کا امکان نہیں تاہم جوطالب عمل بھی اپنے رزلٹ کے حوالہ سے تذبذب کا شکار ہو وہ بورڈ قوانین کے مطابق21اگست 2026ء تک ری چیکنگ کیلئے درخواست دے کر اپنی کاپی خود چیک کر سکتا ہے تاہم اگر کاپی میں کوئی غلطی پائی گئی تو نہ صرف طالب علم کی فیس واپس ہو گی بلکہ اس کا ریوائزڈ رزلٹ بھی فوری جاری کیا جائے گا۔

مزید براں رزلٹ سے متعلق اگر کسی کو معلومات درکار ہوں تو وہ کنٹرولر امتحانات پروفیسر رانا عتیق الرحمن کے دفتری فون نمبر0412517710 پر رابطہ یا تعلیمی بورڈ فیصل آباد کی ویب سائیٹ www.bisefsd.edu.pk ملاحظہ کر سکتا ہے۔