اقبال چنڑ کے انتقال سے خالی قومی اسمبلی کی نشست پر ضمنی انتخاب27ستمبر کو ہوگا

منگل 11 اگست 2026 17:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2026ء) الیکشن کمیشن نے ملک محمد اقبال چنڑ کے انتقال سے خالی ہونے والی نشست این ای168(V)بہاولپور پر ضمنی انتخاب کاشیڈول جاری کر دیا ۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 168 بہاولپور کی نشست پر ضمنی انتخاب 27 ستمبر کو ہوگا۔ضمنی انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی 17 سے 19 اگست تک جمع ہوں گے،امیدواروں کے نام 20 اگست کو جاری کیے جائیں گے،کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی آخری تاریخ 24 اگست مقرر کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق ریٹرننگ افسر کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں 28 اگست تک دائر کی جا سکیں گی جبکہ اپیلٹ ٹریبونل کی جانب سے اپیلوں پر فیصلوں کی آخری تاریخ 3 ستمبر مقررہے۔امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 4 ستمبر کو جاری ہوگی جبکہ دستبرداری اور حتمی فہرست کی اشاعت 7 ستمبر کو ہوگی،امیدواروں کو انتخابی نشان 8 ستمبر کو الاٹ کیے جائیں گے۔الیکشن کمیشن نے این اے 168 بہاولپور V کے لیے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ اور ریٹرننگ افسران مقرر کر دئیے ہیں۔سید حسن رضا ڈپٹی کمشنر بہاولپور این اے 168 کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر جبکہ ڈاکٹر عائشہ خان ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ((ہیڈکوارٹرز)بہاولپور ریٹرننگ افسر ہوں گی۔