ڈارون ٹیسٹ،حسن محمود کی تباہ کن بولنگ، آسٹریلیا 198 رنز پر آل آئوٹ

یہ دوسرا موقع ہے جب بنگلادیشی فاسٹ بولرز نے ایک اننگز میں تمام 10 وکٹیں حاصل کیں

جمعرات 13 اگست 2026 13:02

ڈارون ٹیسٹ،حسن محمود کی تباہ کن بولنگ، آسٹریلیا 198 رنز پر آل آئوٹ
ڈارون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2026ء) بنگلادیش کے حسن محمود کی تباہ کن بولنگ کے باعث آسٹریلوی ٹیم 198 رنز پر آل آئوٹ ہوگئی۔ڈارون میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو 45 رنز کی اوپننگ شراکت کے بعد یکے بعد دیگرے 74 کے مجموعی اسکور پر 4 وکٹیں گر گئیں۔جیک ویدرالڈ 23، ٹریوس ہیڈ 22، کیمرون گرین 13 اور مارنس لبوشین ایک رن بناکر آئوٹ ہوئے۔

بعد ازاں اسٹیو اسمتھ اور ایلکس کیری نے 55 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو کچھ سنبھالا تاہم 129 کے مجموعی اسکور پر کیری بھی 19 رنز بناکر چلتے بنے۔ایک اینڈ سے اسٹیو اسمتھ نے ٹیم کو سنبھالے رکھا تاہم دوسرے اینڈ سے مسلسل وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور پوری ٹیم 198 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

(جاری ہے)

اسٹیو اسمتھ 71 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ بیو ویبسٹر 12، کپتان پیٹ کمنز 9، نیتھن لیون 7 اور مچل اسٹارک ایک رن بناکر آٹ ہوئے۔

بنگلادیش کی جانب سے حسن محمود نے 6 جبکہ تسکین احمد اور عبادت حسین نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔یہ دوسرا موقع ہے جب بنگلادیشی فاسٹ بولرز نے ایک اننگز میں تمام 10 وکٹیں حاصل کیں۔حسن محمود کی جانب سے 55 رنز کے عوض 6 وکٹیں کسی بھی بنگلادیشی فاسٹ بولر کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں تیسرا بہترین ہندسہ ہے۔

متعلقہ عنوان :