قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر پنڈی ایکسپریس کی سالگرہ جمعرات کو منائی گئی

جمعرات 13 اگست 2026 15:54

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق  فاسٹ بولر  پنڈی ایکسپریس کی  سالگرہ  جمعرات کو ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2026ء) سابق سٹار فاسٹ بولر پنڈی ایکسپریس شعیب اختر کی سالگرہ جمعرات 13 اگست کو منائی گئی۔ اپنی غیرمعمولی رفتار، جارحانہ انداز اور شاندار باؤلنگ کی بدولت انہوں نے عالمی کرکٹ میں پاکستان کا نام روشن کیا اور راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور ہوئے۔ شعیب اختر 13 اگست 1975 کو راولپنڈی میں پیدا ہوئے، ان کا بچپن جسمانی مشکلات سے بھرپور رہا لیکن انہوں نے ہمت اور مسلسل محنت کے ذریعے رکاوٹوں کو اپنی کامیابی کی راہ میں حائل نہیں ہونے دیا۔

دونوں پاؤں کے تلوے پیدائشی طور پر سیدھے ہونے کے باعث انہیں چلنے اور کھڑے ہونے میں دشواری کا سامنا رہتا تھا۔ شعیب اختر نے اپنی غیرمعمولی بولنگ سپیڈ سے اپنا الگ مقام بنایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے نومبر 1997 میں راولپنڈی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا اور جلد ہی پاکستان کے صفِ اول کے فاسٹ بولرز میں شامل ہوگئے،ان کی تیز رفتار گیندوں اور جارحانہ باؤلنگ نے دنیا کے بڑے بڑے بلے بازوں کو مشکل میں ڈالا، اسی منفرد انداز نے انہیں راولپنڈی ایکسپریس کے لقب سے متعارف کرایا۔

شعیب اختر نے اپنے بین الاقوامی کیریئر میں 46 ٹیسٹ میچز میں 178 وکٹیں حاصل کیں جبکہ 163 ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں 247 وکٹیں اپنے نام کیں۔ انہوں نے مختصر فارمیٹ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی اور اپنی رفتار سے حریف بیٹرز کے لیے مشکلات پیدا کیں۔شعیب اختر کے کیریئر کا سب سے نمایاں کارنامہ کرکٹ کی تاریخ کی تیز ترین گیند پھینکنے کا اعزاز ہے۔ انہوں نے 2003 کے ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف 161.3 کلومیٹر فی گھنٹہ (100.23 میل فی گھنٹہ )کی رفتار سے گیند کرائی جو آج بھی کرکٹ کی تاریخ کی تیز ترین رفتار ہے۔