شارجہ ؛ پاکستان سوشل سینٹر میں 80واں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا گیا

aijaz ahmad gondal اعجاز احمد گوندل پیر 17 اگست 2026 17:28

شارجہ ؛ پاکستان سوشل سینٹر میں 80واں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا ..
پاکستان سوشل سینٹر شارجہ میں پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر پروقار اور رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران ملی نغموں، سبز ہلالی پرچموں اور پاکستان کے مختلف ثقافتی رنگوں نے ماحول کو حب الوطنی کے جذبے سے سرشار کیے رکھا۔ تقریب میں قائم مقام قونصل جنرل فواد علی خان اور ویلفیئر اتاشی جنید مرتضیٰ نے خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر شرکاء نے یومِ آزادی کی خوشی میں خصوصی کیک کاٹا اور ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کی۔ پاکستان سوشل سینٹر شارجہ کے صدر خالد حسین چوہدری، سید عقیل احمد اور ڈاکٹر ظفر طاہر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہماری پہچان اور ہماری شان ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی نے جوش و جذبے کے ساتھ یومِ آزادی منا کر وطن سے محبت اور قومی یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

مقررین کا کہنا تھا کہ خوشی کے اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی کا بڑی تعداد میں ایک جگہ جمع ہونا نہایت خوش آئند اور قابلِ تحسین ہے۔ تقریب کے دوران پاکستان کے مختلف صوبوں اور ثقافتوں کی عکاسی کرنے والے ثقافتی رقص، ٹیبلوز اور ملی نغمے بھی پیش کیے گئے، جنہیں حاضرین نے بھرپور داد دی۔ بچوں اور فنکاروں نے اپنی شاندار پرفارمنس کے ذریعے پاکستان کے ثقافتی تنوع اور خوبصورتی کو اجاگر کیا۔

تقریب میں پاکستان بزنس کونسل دبئی کے چیئرمین شبیر مرچنٹ، پاکستان بزنس کونسل شارجہ کے سینئر نائب چیئرمین سید سلیم اختر، پاکستان سوشل سینٹر کے ڈائریکٹر فراز احمد صدیقی، اقبال داؤد، نیشنل بینک کے ہیڈ آف مارکیٹنگ راشد السلام سمیت پاکستانی کمیونٹی کی اہم شخصیات اور فیملیز نے شرکت کی۔ اس موقع پر مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی پاکستانی شخصیات اور تقریب میں شریک معزز مہمانوں کو ان کی خدمات کے اعتراف میں اعزازی شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور "پاکستان زندہ باد" کے نعروں سے وطن سے محبت کا اظہار کیا۔ یومِ آزادی کی یہ تقریب متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے اتحاد، قومی جذبے اور اپنی ثقافت سے مضبوط وابستگی کی خوبصورت عکاسی کرتی نظر آئی۔