سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب زید بن مقصود کا نارووال اور شکرگڑھ کا دورہ

پیر 17 اگست 2026 19:38

لاہور،نارووال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اگست2026ء) سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب زید بن مقصود نے نارووال اور شکرگڑھ کا دورہ کرکے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں، تعمیراتی معیار اور پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہیں بتایا گیا کہ نارووال میں 5 ارب 20 کروڑ جبکہ شکرگڑھ میں 7 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب زید بن مقصود نے نارووال اور شکرگڑھ میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا اور منصوبوں کی پیش رفت، تعمیراتی معیار اور شہری سہولیات سے متعلق کاموں کا آن گراؤنڈ معائنہ کیا۔

پراجیکٹ ڈائریکٹر پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام شاہد زمان لک اور ڈپٹی کمشنر نارووال محمد طیب بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ پراجیکٹ ڈائریکٹر ابوبکر خان نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو جاری اور مکمل ہونے والے منصوبوں سمیت آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ نارووال میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 5 ارب 20 کروڑ روپے جبکہ شکرگڑھ میں 7 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔

منصوبوں کا مقصد شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی، نکاسی آب کے نظام میں بہتری اور مون سون کے دوران پانی کے نکاس کے مسائل کا مؤثر حل ہے۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو بتایا گیا کہ نارووال اور شکرگڑھ میں انڈر گراؤنڈ واٹر سٹوریج ٹینکس، ڈرینج انفراسٹرکچر اور دیگر شہری سہولیات سے متعلق منصوبوں پر کام جاری ہے۔ نارووال میں تین جبکہ شکرگڑھ میں دو انڈر گراؤنڈ واٹر سٹوریج ٹینکس مکمل کیے جاچکے ہیں۔

زید بن مقصود نے مکمل کیے گئے سٹوریج ٹینکس اور دیگر ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مون سون سے قبل سٹوریج ٹینکس کی تکمیل اور ضروری ترقیاتی کام مکمل کرنے پر نارووال ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ مون سون کے دوران شہریوں کو نکاسی آب کے حوالے سے ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے فیلڈ میں تمام ضروری انتظامات مؤثر انداز میں جاری رکھے جائیں۔

ترقیاتی کاموں کے دوران شہریوں کو درپیش مشکلات کم سے کم رکھی جائیں اور کھدائی شدہ علاقوں کی بروقت بحالی یقینی بنائی جائے۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر مانیٹرنگ، تعمیراتی معیار کی مسلسل جانچ اور مقررہ ٹائم لائن کے مطابق تکمیل یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔

زید بن مقصود نے کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے منصوبوں کا بنیادی مقصد شہریوں کو براہ راست بہتر، محفوظ اور مؤثر بلدیاتی سہولیات فراہم کرنا ہے، اس لیے منصوبوں کی تکمیل کے ساتھ ان کے ثمرات بھی فوری طور پر عوام تک پہنچنے چاہئیں۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ فیلڈ مانیٹرنگ مزید مؤثر بنائی جائے، منصوبوں کی پیش رفت باقاعدگی سے رپورٹ کی جائے اور رکاوٹیں فوری دور کرکے عوامی اہمیت کے منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں