ڈی پی او چارسدہ سے پشکلاوتی قومی جرگہ کے وفد کی ملاقات، منشیات و دیگر سماجی برائیوں کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق

پیر 17 اگست 2026 20:32

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2026ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ رفعت اللہ خان پی ایس پی سے انکے دفتر میں پشکلاوتی قومی جرگہ کے وفد نے ملاقات کی۔ ترجمان چارسدہ پولیس کے مطابق ملاقات کے دوران ضلع چارسدہ میں منشیات سمیت دیگر سماجی برائیوں کی روک تھام، نوجوان نسل کو منفی سرگرمیوں سے محفوظ رکھنے اور معاشرے میں امن و امان کے قیام کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

پشکلاوتی قومی جرگہ کے اراکین نے معاشرے سے منشیات اور دیگر سماجی برائیوں کے خاتمے کے لیے اپنی جاری کوششوں اور پولیس کے ساتھ تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔ وفد نے اس سلسلے میں پولیس کی جانب سے مؤثر اقدامات کو سراہتے ہوئے جرگہ کی سطح پر ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی پی او چارسدہ رفعت اللہ خان نے کہا کہ منشیات اور دیگر سماجی برائیوں کا خاتمہ صرف پولیس کی ذمہ داری نہیں بلکہ اس مقصد کے لیے معاشرے کے تمام طبقات، عمائدین، جرگہ مشران اور سول سوسائٹی کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات اور دیگر منفی سرگرمیوں سے محفوظ رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ڈی پی او چارسدہ نے پشکلاوتی قومی جرگہ کی سماجی برائیوں کے خلاف کاوشوں کو سراہتے ہوئے جرگہ کے اراکین کو پولیس کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ منشیات کے خلاف کارروائیوں اور معاشرتی برائیوں کی روک تھام کے لیے پولیس اور قومی جرگہ کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔ ملاقات کے اختتام پر ڈی پی او چارسدہ رفعت اللہ خان نے معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے اور منشیات و دیگر سماجی برائیوں کے خلاف خدمات کے اعتراف میں پشکلاوتی قومی جرگہ کے وفد کے اراکین کو توصیفی سرٹیفکیٹس بھی پیش کیے۔