معیاری و بروقت تفتیش، مؤثر فیلڈ پولیسنگ اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال یقینی بنایا جائے، آئی جی اسلام آباد کی پولیس افسران کو ہدایت

پیر 17 اگست 2026 21:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2026ء) آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے جرائم کی روک تھام، مقدمات کی تفتیش اور مجموعی پولیسنگ کا جائزہ لیا اور سینئر پولیس افسران کو فیلڈ پولیسنگ کو مزید موثر بنانے، مقدمات کی معیاری و بروقت تفتیش اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنے کے احکامات جاری کئے۔

پولیس ترجمان کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیرِ صدارت کرائم میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز محمد جواد طارق، ایس ایس پی سکیورٹی آپریشنز سلیمان ظفر، ایس پی سواں زون محمد خرم اشرف سمیت دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں وفاقی دارالحکومت میں جرائم کی مجموعی صورتحال، مقدمات کی تفتیش، فیلڈ پولیسنگ اور شہریوں کو بہتر پولیس سروسز کی فراہمی سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

متعلقہ افسران نے جرائم کی صورتحال، تفتیشی عمل اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں پر آئی جی اسلام آباد کو بریفنگ دی۔آئی جی اسلام آباد نے ہدایت کی کہ جرائم کی روک تھام کے لئے فیلڈ پولیسنگ کو مزید موثر بنایا جائے، مقدمات کی تفتیش میں معیار اور رفتار کو یقینی بنایا جائے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں مزید تیز کی جائیں۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ دستیاب وسائل اور جدید ٹیکنالوجی کو موثر انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے جرائم کی بروقت نشاندہی، ملزمان کی گرفتاری اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ شہریوں کو بروقت ریلیف اور معیاری پولیس سروسز کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ اسلام آباد پولیس جرائم کے موثر انسداد، قانون کی بالادستی اور شہریوں کے لئے محفوظ و پرامن ماحول کے قیام کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اپنی کارروائیاں مزید موثر بنائے گی۔