پاکستان میں دفتر کے قیام کے بعد بڑے ڈیجیٹل پروگرامز کو مزید وسعت دی جائے گی،گوگل

2022سے گوگل پاکستان میں 3لاکھ 50ہزار کیریئر سرٹیفکیٹ اسکالرشپس دے چکا ہے،بیان

منگل 18 اگست 2026 22:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2026ء) گوگل نے پاکستان میں اپنا باقاعدہ دفتر کھول دیا۔ اسلام آباد سے گوگل کے بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے گوگل کے پاکستان میں دفتر کا افتتاح کیا۔ گوگل کے بیان میں کہا گیا کہ پاکستان میں دفتر کے قیام کے بعد بڑے ڈیجیٹل پروگرامز کو مزید وسعت دی جائے گی، پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کیلئے گوگل نے حکومتی اور ٹیکنالوجی شراکت داروں سے تعاون بڑھانے کا بھی اعلان کیا۔

بیان کے مطابق گوگل نے پاکستان میں ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل کو تیز کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ اعلامیہ کے مطابق پاکستان کو علاقائی ٹیکنالوجی اور برآمدی مرکز بنانے کیلئے گوگل معاونت جاری رکھے گا۔گوگل کے مطابق 2022سے گوگل پاکستان میں 3لاکھ 50ہزار کیریئر سرٹیفکیٹ اسکالرشپس دے چکا ہے، 80فیصد سے زائد اسکالرشپ گریجویٹس نے 6 ماہ میں نئی ملازمت یا کاروباری ترقی حاصل کی۔

(جاری ہے)

گوگل ڈیولپر گروپس کے ذریعے پاکستان میں 3 لاکھ ڈیولپرز تک رسائی حاصل کی گئی۔اعلامیہ کے مطابق اے آئی سیکھو پروگرام کے ذریعے 50 ہزار ڈیولپرز کو جنریٹو اے آئی اور گوگل کلاڈ کی تربیت دی گئی، گوگل کے تھنک ایپس اور ایپ ڈیزائن ماسٹر کلاسز سے 120 پاکستانی گیمنگ اور ایپ اسٹوڈیوز مستفید ہوئے۔کلسٹر ڈائریکٹر گوگل فرحان قریشی نے کہا گوگل کے دفتر کے قیام کا مقصد پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل اور باصلاحیت افرادی قوت پر اعتماد کا اظہار ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں گوگل کی موجودگی ڈیجیٹل تبدیلی کا عمل تیز کرے گی، گوگل کی مقامی موجودگی، طویل مدتی شراکت داری کے ذریعے پاکستان میں نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد دے گی۔