Live Updates

ریاض ایئر کی افتتاحی پرواز لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ گئی

منگل 18 اگست 2026 23:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2026ء) ریاض ایئر کی افتتاحی پرواز آر ایکس 676 آج شام ریاض سے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی، جس سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان فضائی رابطوں کے فروغ میں ایک اہم سنگ میل عبور ہوا۔ افتتاحی پرواز کی آمد پر پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) فائر اینڈ ریسکیو سروسز کی جانب سے طیارے کو روایتی واٹر سیلوٹ پیش کیا گیا۔

منگل کوترجمان پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر انٹرنیشنل ڈیپارچر لاؤنج میں ربن اور کیک کاٹنے کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے شرکت کی۔ تقریب میں چیف آپریٹنگ آفیسر/ایئرپورٹ مینیجر اور ڈپٹی ایئرپورٹ مینیجر علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور بھی شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سعودی سفیر نے چیف آپریٹنگ آفیسر/ایئرپورٹ مینیجر، ڈپٹی ایئرپورٹ مینیجر، پی اے اے لاہور اور چیف سیکیورٹی آفیسر، ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کو یادگاری سووینئرز پیش کیے۔تقریب میں ریاض ایئر کی اعلیٰ انتظامیہ، بشمول گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسر، ڈائریکٹر اور چیف آپریٹنگ آفیسر جبکہ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی اور ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔

ریاض ایئر ریاض اور لاہور کے درمیان ہفتے میں تین پروازیں چلائے گی، جس سے دونوں شہروں کے درمیان براہِ راست فضائی رابطے میں مزید اضافہ اور مسافروں کی آمدورفت میں سہولت ہوگی۔ریاض ایئر کی لاہور میں افتتاحی آمد پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان فضائی رابطوں کو مزید بہتر بنانے اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی و تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

ریاض ایئر کے پاکستان میں آپریشنز کا افتتاح 14 اگست کو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھی ہوا، جہاں ریاض سے آنے والی افتتاحی پرواز آر ایکس 660 کا واٹر سیلوٹ کے ساتھ استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب میں سعودی سفیر، ڈی جی پی اے اے ایئر وائس مارشل ذیشان سعید، سینئر حکام اور ریاض ایئر کی اعلیٰ انتظامیہ نے شرکت کی۔پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی ریاض ایئر کو لاہور میں خوش آمدید کہتی ہے اور پاکستان میں اس کے آپریشنز کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتی ہے۔
Live سعودی عرب سے متعلق تازہ ترین معلومات