متعدد عالمی سیٹلائٹس آپریٹرز بشمول سٹار لنک ، ون ویب،شنگھائی سپیس کام سیٹلائٹ ٹیکنالوجی اور سیٹ لیوٹ کی پاکستانی مارکیٹ میں داخلے میں دلچسپی

جمعہ 21 اگست 2026 13:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2026ء) ایوان بالا کو بتایا گیا ہے کہ متعدد عالمی سیٹلائٹس آپریٹرز بشمول سٹار لنک ، ون ویب،شنگھائی سپیس کام سیٹلائٹ ٹیکنالوجی اور سیٹ لیوٹ نے پاکستانی مارکیٹ میں داخلے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ جمعہ کو وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونی کیشن کی جانب سے ایوان بالا کو تحریری طور پر آگاہ کیا گیا ہے کہ سٹار لنک نے ایس ای سی پی کے پاس رجسٹریشن کرا لی ہے جبکہ دیگر آپریٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پاکستان سپیس ایکٹیویکٹیز ریگولیٹری بورڈ کی رجسٹریشن سے قبل ایس ای سی پی میں رجسٹریشن کے طریقہ کار پرعمل کریں۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے فکسڈ سیٹلائٹس سروسز کا لائسنسنگ فریم ورک تیار کرلیا ہے جو حتمی مرحلے میں ہے اور جلد ہی وفاقی کابینہ میں پیش کئے جانے کی توقع ہے۔

(جاری ہے)

یہ بین الاقوامی بہترین طریقوں کے مطابق ہے اور اس کا مقصد قومی سپیکٹرم منیجمنٹ اور سکیورٹی تقاضوں کی تعمیل کو یقینی بناتے ہوئے تمام سیٹلائٹس آپریٹرز کےلئے ایک شاندار، غیر جانبدار اور سرمایہ کار ی دوست ماحول فراہم کرنا ہے۔ فکسڈ سیٹلائٹ سروسز لائسنسنگ فریم ورک سیٹلائٹ براڈ بینڈ نیٹ ورک کی منتقلی ، بینڈ وڈتھ کی فراہمی اور کارپوریٹ ڈیٹا سروسز کو ممکن بنائے گا جس سے سیٹلائٹ پر مبنی ایک جامع کنیکٹویٹی نظام کو مدد ملے گی۔