دہشت گردی عالمی چیلنج ،متاثرین کی قربانیوں کو یاد رکھنا اور ان کے خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

جمعہ 21 اگست 2026 14:23

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2026ء) دہشت گردی عالمی چیلنج ہے جس نے دنیا کے مختلف خطوں میں لاکھوں انسانوں کو متاثر کیا، قیمتی انسانی جانوں کا نقصان ہوا اور خاندانوں کو ناقابلِ تلافی صدموں سے دوچار ہونا پڑا،اس کے متاثرین کی قربانیوں کو یاد رکھنا اور ان کے خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

ان خیالات کا اظہارسابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے دہشت گردی کے متاثرین کی یاد اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنے کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے جہاں سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عام شہریوں نے امن کے قیام کے لیے بے مثال قربانیاں پیش کیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ متاثرین کی یاد ہمیں انتہا پسندی تشدد کے خاتمے، برداشت و رواداری کے فروغ، پرامن معاشرے کے قیام کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتی ہے، دہشت گردی کے خلاف مؤثر جدوجہد کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ حکمت عملی اور تعاون ناگزیر اور متاثرین کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا دراصل امن کے لیے ان کے عزم اور جدوجہد کو زندہ رکھنے کے مترادف ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ دہشت گردی کے متاثرین اور شہدا کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں ،پاکستان کی قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھاری قیمت ادا کی اور اپنے بہادر سپوتوں سمیت بے گناہ شہریوں کی قیمتی جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی صرف انسانی جانوں کا نقصان نہیں بلکہ پورے معاشرے کے امن، استحکام اور ترقی کو متاثر کرتی ہے، اس لیے اس ناسور کے خاتمے کے لیے قومی اتحاد اور اجتماعی جدوجہد ضروری ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نوجوان نسل کو انتہا پسندی، نفرت اور تشدد سے دور رکھ کر تعلیم، برداشت، رواداری اور انسانیت کے جذبے کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے متاثرین کی داستانیں اور قربانیاں آنے والی نسلوں تک منتقل کرنا ضروری ہے تاکہ دنیا دہشت گردی کے انسانی المیے کو سمجھ سکے اور امن کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے عالمی برادری کے ساتھ مل کر اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔