عمران خان کا سہیل آفریدی کو تحریک تیز کرنے کا پیغام

بانی کا کا حکم سر آنکھوں پر ہے اور اس تحریک میں مزید تیزی دیکھی جائے گی، سہیل آفریدی کا جواب

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی جمعہ 21 اگست 2026 16:23

عمران خان کا سہیل آفریدی کو تحریک تیز کرنے کا پیغام
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اگست2026ء)  بانی پی ٹی آئی عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے لیے پیغام دیتے ہوئے اپنی سیاسی تحریک مزید تیز کرنے کی ہدایت کردی۔ عمران خان کی ہمشیرہ ڈاکٹر عظمیٰ خان کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے پیغام دیا کہ سہیل آفریدی کو کہا جائے کہ وہ اپنی موومنٹ مزید تیز کریں اور جو کچھ کر رہے ہیں، اسے مزید تیز کریں۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ عمران خان کا حکم سر آنکھوں پر ہے اور اس تحریک میں مزید تیزی دیکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت کے مطابق سیاسی تحریک کو مزید فعال کیا جائے گا اور آئندہ دنوں میں اس حوالے سے سرگرمیوں میں تیزی آئے گی۔ سہیل آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ ججز کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ پاکستان میں عدالتیں بند ہوں گی یا ان لوگوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی جنہوں نے توہینِ عدالت کی ہے اور عدالتی احکامات نہیں مانے۔

(جاری ہے)

ججز کو اپنے احکامات پر عمل درآمد کروانا ہوگا، کیونکہ جب تک عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہیں ہوگا، ہر پاکستانی یہ سوال کرے گا کہ اگر طاقتور لوگ عدلیہ اور ججز کے احکامات نہیں مانتے تو پھر سب بغاوت پر اتر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بنانا ریپبلک بن جائے گا اور جنگل کا قانون ہوگا، جس کا جتنا زور ہے وہ کرے گا۔ جو جتنا طاقتور ہے، اتنا ظلم کرے گا اور اتنا ہی آئین و قانون کو پامال کرے گا۔