سوات، ملم جبہ میں امن جرگہ، عوامی شکایت کا موقع پر ازالہ، سیاحتی سہولیات کا جائزہ

پیر 24 اگست 2026 20:00

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اگست2026ء) ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر چارباغ اسد محسود نے پراونشل ایکشن پلان کے تحت پولیس چوکی ملم جبہ میں امن جرگہ منعقد کیا، پاکستان سٹیزن پورٹل پر موصولہ عوامی شکایت کا موقع پر ازالہ کیا اور صوبائی حکومت کے گڈ گورننس روڈ میپ کے تحت منگلور تا ملم جبہ روڈ پر عوام اور سیاحوں کے لیے سہولیات کا جائزہ لیا۔

امن جرگے میں مقامی عمائدین اور علاقہ مکینوں سے امن و امان، باہمی تعاون اور علاقے کے مجموعی استحکام کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر اسد محسود نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ علاقے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے مقامی آبادی کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ پائیدار امن کے قیام کے لیے انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون جاری رکھیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی بروقت اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے افواہوں اور غیر مصدقہ خبروں کے پھیلا سے اجتناب اور ہوائی فائرنگ سے مکمل گریز کی بھی ہدایت کی۔ بعد ازاں پاکستان سٹیزن پورٹل پر موصولہ شکایت کے سلسلے میں انہوں نے سیمسن ریزورٹ کی انتظامیہ سے ملاقات کی اور متعلقہ فریقین سے بات چیت کے بعد شکایت کا موقع پر ازالہ کردیا۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے منگلور تا ملم جبہ روڈ کا بھی دورہ کیا اور عوام و سیاحوں کی رہنمائی اور حفاظت کے لیے نصب انتباہی سائن بورڈز، ضروری نشانات اور ڈسٹرکٹ سروس ڈیلیوری اقدام کے تحت فراہم کی جانے والی دیگر سہولیات کا معائنہ کیا۔