فاسٹ بولر محمد حسنین اسپیڈ میں تسلسل کے ساتھ قومی ٹیم میں کم بیک کے خواہشمند

جمعرات 27 اگست 2026 18:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اگست2026ء) این سی اے بولرز ڈویلپمنٹ کیمپ میں شریک فاسٹ بولر محمد حسنین نے کہا ہے کہ ڈومیسٹک میں تسلسل کے ساتھ پرفارم کر رہا ہوں، اب ہدف تسلسل کے ساتھ اچھی رفتار سے بولنگ کر کے قومی ٹیم میں کم بیک کرنا ہے۔26سالہ محمد حسنین 15 ون ڈے میچز اور 28 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں، 2019 میں ون ڈے ڈیبیو اور ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کرنے والے فاسٹ بولر نے آخری ون ڈے فروری 2025 جبکہ آخری ٹی ٹوئنٹی میچ دسمبر 2024 میں کھیلا اور اب ان کا ہدف قومی ٹیم میں کم بیک ہے۔

بولرز کیمپ کے موقع پر جیو نیوز سے گفتگو میں محمد حسنین نے کہا کہ کیمپ بہت اچھا جا رہا ہے، ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتا ہوا آ رہا ہوں، کوچز بہت سپورٹ کر رہے ہیں، سکھا رہے ہیں، کیمپ میں نوجوان فاسٹ بولرز بھی ہیں جو کہ اچھی چیز ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کیمپ میں اچھی رفتار والے نوجوان فاسٹ بولرز ہیں، فاسٹ بولرز دکھائی بھی دیتے ہیں، اچھی بات ہے کہ پاکستان کو فاسٹ بولرز مل رہے ہیں، مجھے امید ہے کہ یہ پاکستان کی جانب سے کھیلتے ہوئے دکھائی دیں گے۔

محمد حسنین نے کہا کہ میں خود کو دیکھتا ہوں، مجھے تسلسل کے ساتھ اپنی اسپیڈ کو برقرار رکھنا ہے، اس کے لیے کام کر رہا ہوں، فٹنس پر بھی توجہ ہے کیونکہ اسپیڈ کے لیے فٹنس ضروری ہے، میرا اس وقت صرف قومی ٹیم میں کم بیک کرنے پر فوکس ہے۔انہوں نے کہا کہ اسپیڈ میں کمی انجری یا اوور لوڈ ہونے کی وجہ سے آ جاتی ہے، میں اس وقت یہ دیکھ رہا ہوں کہ مجھے جو بھی کرکٹ ملے مجھے وہ کھیلنا ہے، وہ 4 اوورز والی ہو یا 10 اوورز والی یا ریڈ بال کرکٹ، میں تمام طرز کی کرکٹ کے لیے خود کو تیار کر رہا ہوں۔