پیٹ کمنز کا بھی دنیا بھر کے 21 سابق کپتانوں کی حمایت کا اعلان ، عمران خان سے متعلق بڑا مطالبہ

امید ہے خاندان کے دورے جاری رہیں گے اور عمران خان کیساتھ وہی سلوک کیا جائیگا جس کا کوئی بھی حقدار ہے : پیٹ کمنز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 28 اگست 2026 16:06

پیٹ کمنز کا بھی دنیا بھر کے 21 سابق کپتانوں کی حمایت کا اعلان ، عمران ..
سڈنی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 28 اگست 2026ء ) دنیا بھر کے 21 سابق ٹیسٹ و بین الاقوامی کپتانوں کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کو ایک اور خط لکھ کر سابق پاکستانی کپتان اور سابق وزیراعظم عمران خان کے طبی معائنے اور مناسب علاج کے مطالبے پر آسٹریلین کپتان پیٹ کمنز کا ردعمل بھی سامنے آگیا۔
کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق سابق کپتانوں نے خط میں کہا کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کو طبی معائنے کے لیے ہسپتال منتقل کرنے اور ایسے میڈیکل بورڈ سے معائنہ کرانے کی ہدایت کی تھی جس میں ان کے ذاتی معالجین اور بہن ڈاکٹر عظمیٰ خان بھی شامل ہوں جبکہ ہفتہ وار خاندانی ملاقاتیں بھی بحال کی گئی تھیں۔

 
 خط میں تشویش کا اظہار کیا گیا کہ عمران خان کا اسپتال میں قیام صرف چند گھنٹوں تک محدود رہا اور سپریم کورٹ کی ہدایت کردہ میڈیکل بورڈ کے بجائے سرکاری طور پر مقرر کردہ ٹیم نے ان کا معائنہ کیا جس نے انہیں طبی طور پر فٹ قرار دے کر واپس اڈیالہ جیل منتقل کردیا۔

(جاری ہے)

 

سابق کپتانوں نے تین مطالبات پیش کیے ہیں جن میں سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق میڈیکل بورڈ کو عمران خان، خصوصاً ان کی دائیں آنکھ کی مبینہ بینائی میں کمی، کا مکمل اور آزادانہ معائنہ کرنے کی اجازت دینا، ہفتہ وار خاندانی ملاقاتیں بلا تعطل یقینی بنانا اور طبی معائنے کی بنیاد پر تجویز کردہ علاج فوری فراہم کرنا شامل ہے۔

 
خط پر دستخط کرنے والوں میں مائیکل ایتھرٹن، ایلکس بلیک ویل، ایلن بارڈر، مائیکل بریرلی، گریگ چیپل، ایان چیپل، بیلنڈا کلارک، ایلسٹر کک، مائیکل گیٹنگ، سنیل گواسکر، لی جرمین، ایڈم گلکرسٹ، ڈیوڈ گاور، کم ہیوز، ناصر حسین، کلائیو لائیڈ، کپل دیو، ارجنا راناٹنگا، اینڈریو سٹراس، دلیپ وینگسرکر، اسٹیو وا اور جان رائٹ شامل ہیں۔ 
سابق کپتانوں نے واضح کیا کہ وہ یہ اپیل سیاستدانوں کی حیثیت سے نہیں بلکہ کرکٹ کے میدان میں عمران خان کے سابق ساتھیوں اور حریفوں کی حیثیت سے کر رہے ہیں اور پاکستان کے داخلی قانونی معاملات میں مداخلت کا ارادہ نہیں رکھتے۔

 
واضح رہے کہ یہ سابق عالمی کپتانوں کی جانب سے وزیراعظم کو چھ ماہ کے دوران دوسرا خط ہے۔ رواں سال فروری میں 14 سابق کپتانوں نے بھی عمران خان کی صحت اور مبینہ طور پر ایک آنکھ کی بینائی متاثر ہونے کی رپورٹس پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔ 
اس خط کے سامنے آنے کے بعد آسٹریلین کپتان پیٹ کمنز نے بھی عمران خان کو علاج معالجے کی فراہمی کے مطالبے کی حمایت کا اعلان کردیا۔

 
ٹویٹر پر اپنے پیغام میں پیٹرک کمنز نے لکھا کہ ’’ میں بھی گریگ چیپل اور دیگر سابق بین الاقوامی کپتانوں کی حمایت کا اعلان کرتا ہوں۔ 
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’مجھے امید ہے کہ عدالت نے حکم دیا کہ میڈیکل اسسمنٹ کو اپنا راستہ چلنے دیا جائے اور خاندان کے دورے جاری رہیں‘۔ 
پیٹ کمنز نے کہا کہ ’مجھے امید ہے کہ عمران خان کے ساتھ وہی سلوک کیا جائے گا جس کا کوئی بھی حقدار ہے‘۔