عمران خان پاکستان کے پیدا کردہ عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں : مائیکل ایتھرٹن

جن سابق کرکٹرز نے خط پر دستخط کیے ہیں ان میں سے بہت سے عمران کیخلاف کھیلے ہیں، انہیں بطور ایک سابق کھلاڑی بہت عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے : سابق انگلش کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 28 اگست 2026 12:38

عمران خان پاکستان کے پیدا کردہ عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں : مائیکل ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 28 اگست 2026ء ) سابق انگلش کپتان اور معروف کمنٹیٹر مائیکل ایتھرٹن نے لیجنڈری کرکٹر اور سابق وزیراعظم عمران خان کو پاکستان کے پیدا کردہ عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے ایک قرار دیدیا۔
سکائی سپورٹس کو انٹرویو دیتے ہوئے 57 سالہ مائیکل ایتھرٹن کا کہنا تھا کہ عمران خان 73 سال کی عمر میں اب 3 سال سے زیادہ عرصے سے جیل میں ہیں۔

جن سابق کرکٹرز نے اس خط پر دستخط کیے ہیں، ان میں سے بہت سے عمران کے خلاف کھیلے ہیں۔ انہیں ایک سابق کھلاڑی کے طور پر بہت عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، وہ پاکستان کے پیدا کردہ عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔
 
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان گذشتہ تین برسوں سے جیل میں قید ہیں۔

(جاری ہے)

 
اس سے قبل دنیا کے کئی سابق معروف کرکٹرز بھی عمران خان کو مناسب طبی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کر چکے ہیں۔ ان میں مائیکل ایتھرٹن سمیت 21 سابق کرکٹرز شامل ہیں۔ 
واضح رہے کہ 73 برس کے عمران خان کو گذشتہ ہفتے سپریم کورٹ کے ایک فیصلے کے بعد علاج کے لیے عارضی طور پر سرکاری ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، تاہم چند گھنٹوں بعد ہی انہیں دوبارہ اڈیالہ جیل راولپنڈی منتقل کردیا گیا۔

 
عمران خان کے خاندان کے علاوہ دنیائے کرکٹ کے کئی سابق معروف کرکٹرز بھی اُن کی قید اور صحت پر تشویش کا اظہار کر چکے ہیں۔ 
ان سابق کرکٹرز نے دو مشترکہ خطوط لکھے ہیں جن میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان کو مناسب طبی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ 
ان سابق کرکٹرز میں انگلینڈ کے چھ سابق کپتان، انڈیا کے سابق کپتان کپل دیو، آسٹریلیا کے ایڈم گِلکرسٹ اور گریگ چیپل بھی شامل ہیں۔

 
سابق کرکٹرز نے رواں ہفتے ایک اور خط بھی جاری کیا جس میں عمران خان کی صحت، خاص طور پر اُن کی دائیں آنکھ کا مکمل اور آزادانہ طبی معائنہ کرانے کا مطالبہ کیا گیا۔ 
عمران خان کے وکلا کا کہنا ہے کہ ’جیل کے حالات کی وجہ سے سابق وزیراعظم کی دائیں آنکھ کی 85 فیصد بینائی متاثر ہو چکی ہے۔‘