Live Updates

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا دوسری بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے اہم خطاب

جمعرات 27 اگست 2026 20:43

اسلام آباد/ نوم پنھہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اگست2026ء) چیئرمین سینیٹ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے دوسری بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس (آئی ایس سی ) کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کیا۔ اجلاس میں کمبوڈیا کے وزیر اعظم ہن منیٹ اور صدر سینیٹ کمبوڈیا سامدیک موہا بورور تھپادی ہن سین بھی موجود تھے۔چیئرمین سینیٹ نے کمبوڈیا کی قیادت کو خوش آمدید کہتے ہوئے کانفرنس کے انعقاد پر بادشاہِ کمبوڈیا کے پیغام پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کانفرنس کی میزبانی پر کمبوڈیا کی سینیٹ اور عوام کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کمبوڈیا کے وزیر اعظم ہن منیٹ کی کانفرنس میں شرکت کو پارلیمانی مکالمے اور تعاون کے لئے کمبوڈیا کے عزم کی مضبوط علامت قرار دیا جبکہ سامدیک ہن سین کی قیادت اور مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پارلیمانی سپیکرز کو مشترکہ پلیٹ فارم پر جمع کیا۔

(جاری ہے)

امن اور مشترکہ خوشحالی کے لئے یکجہتی—بین الاقوامی قانون کا استحکام اور تنازعات کا پرامن حل‘‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے پارلیمانی اتحاد اور اجتماعی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے مسلح تنازعات، دہشت گردی، موسمیاتی تبدیلی اور معاشی عدم مساوات سمیت عالمی مسائل کے حل کے لئے مؤثر پارلیمانی کردار پر زور دیا۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پارلیمانی سفارتکاری کو ’’عزم سے عمل، مکالمے سے عملی اقدامات اور وعدوں سے نتائج‘‘ کی جانب بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے تجویز دی کہ بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس ابھرتے ہوئے بحرانوں پر فوری پارلیمانی ردِعمل کے لئے مؤثر طریقہ کار وضع کرے اور امن و استحکام کی بنیاد کے طور پر بین الاقوامی قانون کی پاسداری کو مزید مضبوط بنایا جائے۔

چیئرمین سینیٹ نے پاکستان کے تجربے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب روایتی سفارتی ذرائع محدود ہو جائیں تو پارلیمانی سفارتکاری مکالمے کے نئے راستے کھول سکتی ہے۔ انہوں نے علاقائی امن و استحکام کے لئے سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ پاکستان کے تعاون کو بھی اجاگر کیا۔انہوں نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے قول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امن کے لئے قیادت عزم، حوصلے اور یقین کی متقاضی ہے۔

انہوں نے دنیا بھر کے پارلیمنٹیرینز پر زور دیا کہ وہ اتحاد، بصیرت اور مشترکہ عزم کے ساتھ قیادت کا کردار ادا کریں۔قبل ازیں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کانفرنس میں شریک اسپیکرز اور وفود کے ہمراہ صدر سینیٹ کمبوڈیا سامدیک ہن سین سے خیرسگالی ملاقات بھی کی۔دوسری بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس کی میزبانی مملکتِ کمبوڈیا کر رہی ہے جس میں مختلف ممالک کے پارلیمانی رہنما امن، ترقی اور عالمی تعاون کے فروغ کے لیے باہمی مکالمے اور تعاون کو آگے بڑھانے کے عزم کے ساتھ شریک ہیں۔
Live سعودی عرب سے متعلق تازہ ترین معلومات