سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد کی زیر صدارت پولیس اہلکاروں کو انعامات دینے کے حوالے سے تقریب کا انعقاد

جمعہ 28 اگست 2026 15:34

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اگست2026ء) سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد کی زیر صدارت جمعہ کے روز ملک سعد شہید پولیس لائن میں پولیس اہلکاروں کو انعامات دینے کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔کیپٹل سٹی پولیس پشاور تر جمان کے مطابق منعقدہ پروقار تقریب کے دوران سٹریٹ کرائمز اور سنگین کیسز کو مہارت کے ساتھ ٹریس کرنے، ملک دشمن عناصر کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے، بہترین نظم و ضبط، فرض شناسی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران و اہلکاروں کو سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد نے نقد انعامات اور توصیفی اسناد سے نوازا۔

تعریفی اسناد اور انعامات کے حامل افسران میں ڈی ایس پی پشتخرہ سرکل عمر آفریدی، ایس ایچ او رضوان برکی، ایس ایچ او تیمور سلیم، ہیڈ کلرک سجاد علی خان، اے ایس آئیز حنیف خان، نسیم خان، مدرار اللہ، اسرار، اعظم خان، جونیئر کلرک مجتبیٰ عامر، خالد خان، اور اہلکار فرمان، عاصم خان، منصور خان، جمال، وصال، ایوب خان، ساجد، عادل رضا، ارشد خان، مستجاب، محمد مبین، نور الامین، محمد عثمان اور محمد انس شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد نے کہا کہ محکمہ پولیس میں سزا و جزا کا نظام مکمل شفافیت اور بلاامتیاز جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و اہلکار محکمہ پولیس کا قیمتی سرمایہ ہیں، اور ان کی حوصلہ افزائی ادارے کی بہتری، فلاح و بہبود، پیشہ ورانہ معیار کے فروغ اور عوام کے اعتماد میں اضافے کے لیے ناگزیر ہے۔