سٹاک مارکیٹ میں اکاؤنٹ کھولنا آسان، ایس ای سی پی کا نیا ڈیجیٹل فریم ورک

سرمایہ کاروں کی تعداد 25 لاکھ تک بڑھانے کی حکمت عملی، کاغذی کارروائی اور انسانی مداخلت کم ہوگی

جمعہ 28 اگست 2026 17:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2026ء) سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے اسٹاک مارکیٹ میں اکاؤنٹ کھولنے کے عمل کو تیز، آسان اور سہل بنانے کے لیے نیا ڈیجیٹل انویسٹر آن بورڈنگ فریم ورک متعارف کرا دیا ہے۔ نئے فریم ورک کے تحت غیر ضروری دستاویزات اور بار بار کی تصدیق کے عمل کو ختم کردیا گیا ہے جبکہ سیکیورٹیز بروکرز کے لیے سرمایہ کاروں کے اکاؤنٹ کھولنے کے حوالے سے واضح مدت مقرر کردی گئی ہے۔

نئے فریم ورک کے تحت بروکر کو سہولت اکاؤنٹ کی درخواست پر ایک روز جبکہ نارمل سرمایہ کار اکاؤنٹ کی درخواست پر زیادہ سے زیادہ دو روز میں فیصلہ کرنا ہوگا۔ سرمایہ کاروں کو ٹریکنگ آئی ڈی کے ذریعے اپنی درخواست کا اسٹیٹس جاننے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

درخواست مسترد کیے جانے کی صورت میں بروکر کو مسترد کرنے کی وجہ تحریری طور پر بتانا ہوگی۔

ایس ای سی پی کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں نئے سرمایہ کاروں کے لیے اکاؤنٹ کھولنے کا عمل آسان اور تیز بنانا کیپیٹل مارکیٹ کو وسعت دینے اور سرمایہ کاروں کی تعداد 25 لاکھ تک بڑھانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی کے ذریعے کیپیٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاری کو آسان اور تیز بنانا اور اس راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنا اولین ترجیح ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹ میں بالخصوص نوجوانوں کے لیے وسیع مواقع اور ترقی کے امکانات موجود ہیں۔ایس ای سی پی نے اس سلسلے میں سرکلر بھی جاری کردیا ہے، جس کے تحت سیکیورٹیز بروکرز، اثاثہ جات کی انتظامی کمپنیوں، انشورنس کمپنیوں اور دیگر ریگولیٹڈ اداروں کے لیے سرمایہ کاروں کی آن بورڈنگ سے متعلق شرائط کو یکساں کردیا گیا ہے۔

نئے فریم ورک کے تحت پہلے سے مکمل شدہ مقررہ تصدیق کو دوبارہ کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی، جبکہ اے پی آئی کی بنیاد پر ڈیجیٹل پراسیسنگ، یو آئی این کے فوری اجرا اور سی ڈی سی سب اکاؤنٹ کھولنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ایس ای سی پی کے مطابق نئے نظام سے کاغذی کارروائی اور انسانی مداخلت میں کمی آئے گی، درخواستوں پر فیصلہ کرنے کا عمل تیز ہوگا اور نئے سرمایہ کاروں کے لیے اسٹاک مارکیٹ میں داخل ہونا مزید آسان ہوجائے گا۔