باب وولمر نے پیشگوئی کی تھی محمد آصف مستقبل میں ایک عظیم بالر بنیں گے، رمیزراجہ

جمعہ 28 اگست 2026 18:15

لارڈز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2026ء) لارڈز میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز کے دوران کمنٹری میں سابق کپتان رمیز راجا نے دلچسپ انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ سابق کوچ باب وولمر نے محمد آصف کے بارے میں بڑی پیشگوئی کی تھی۔رمیز راجا کے مطابق جب انہوں نے پہلی بار محمد آصف کو دیکھا تو وہ باب وولمر کے ہمراہ تھے، اس وقت آصف نے پاکستان کے لیے ایک بھی میچ نہیں کھیلا تھا۔

باب وولمر نے میرا ان سے تعارف کروایا اور کہا کہ محمد آصف مستقبل میں ایک عظیم بالر بنیں گے۔رمیز راجا نے کہا کہ میرا پہلا سوال باب وولمر سے یہی تھا کہ اس کی رفتار کتنی ہی جس پر وولمر نے بتایا کہ اس وقت آصف کی رفتار تقریبا 130 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے، مجھے حیرت ہوئی کیونکہ پاکستان ہمیشہ تیز رفتار بالرز کے لیے جانا جاتا رہا ہے، میں نے کہا کہ پھر یہ فاسٹ بالر کیسے ہو سکتا ہی ۔

(جاری ہے)

رمیز راجا نے کہا کہ بعد میں محمد آصف اپنی لائن اور لینتھ کی بدولت ایک بہترین بالر بن گیالیکن ہم تو 90 میل فی گھنٹہ کی رفتار دیکھنے کے عادی تھے، اس لیے اس طرح کی بالنگ دیکھ کر عجیب سا لگتا تھا۔رمیز راجا نے کہا کہ میں ان ٹیموں کا حصہ رہا ہوں جہاں ہم صرف رفتار کے بل بوتے پر مخالف ٹیموں کو تہس نہس کر دیتے تھے۔ 95 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ریورس سوئنگ، یارکرز اور بانسرز کرانا ہماری بالنگ کی بنیادی لمبائیاں یہی ہوتی تھیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی بولرز میں باقاعدہ لینتھ پر بالنگ کا تصور کم ہی تھا، مخالف کو سنبھلنے کا کوئی موقع نہیں دیا جاتا تھا،ہم ہر وقت جارحانہ انداز میں کھیلتے تھے۔