سندھ اسمبلی میں نئے صوبوں پر بحث کی درخواست سندھ کے خلاف سازش ہے، ثمر جتوئی

سندھ اسمبلی پہلے ہی تقسیم سندھ کے خلاف قرارداد منظور کرچکی، سندھ کی وحدت پر کوئی سودے بازی قبول نہیں، ہاری رہنماء

ہفتہ 29 اگست 2026 18:50

بدین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اگست2026ء) سندھ ہاری کمیٹی کے مرکزی صدر کامریڈ ثمر حیدر جتوئی نے سندھ کی تقسیم سے متعلق سندھ اسمبلی میں قرارداد پیش کرنے اور اس پر بحث کی اجازت طلب کرنے کے عمل کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کی وحدت، تاریخی حیثیت اور قومی شناخت پر کسی بھی قسم کا حملہ سندھ کے عوام کو کسی صورت قبول نہیں ہوگا۔

گولارچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کامریڈ ثمر حیدر جتوئی نے کہا کہ سندھ ہزاروں سال سے ایک تاریخی، ثقافتی اور جغرافیائی وحدت کے طور پر قائم ہے، اس کی وحدت کو کسی بھی صورت تقسیم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ سندھ کو مختلف انتظامی اور سیاسی فیصلوں کے ذریعے ماضی میں بھی تقسیم کرنے کی کوششیں کی گئیں، تاہم سندھ کے عوام نے ہر دور میں اپنی دھرتی، شناخت اور وحدت کا بھرپور دفاع کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سندھ محض زمین کا ایک ٹکڑا نہیں بلکہ ہزاروں سال کی تاریخ، تہذیب، ثقافت اور قومی شناخت کا نام ہے، اس لیے سندھ کو توڑ کر نئے صوبے بنانے کا خواب دیکھنے والوں کو یہ سوچ ترک کردینی چاہیے۔ سندھ کی وحدت پر کسی قسم کی سودے بازی قبول نہیں کی جائے گی اور تقسیم سندھ کی ہر کوشش کی جمہوری، سیاسی اور قانونی طور پر بھرپور مخالفت کی جائے گی۔

ثمر حیدر جتوئی نے پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ اقتدار کی خاطر سندھ کی زمینیں، پانی، معدنیات، پہاڑ اور دیگر وسائل فروخت کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پنجاب کی جانب سے جلال پور کینال کھول کر سندھ کا پانی زبردستی چوری کیا جارہا ہے، جبکہ سندھ حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں شاہراہ بھٹو کے قریب ایجوکیشن سٹی کے نام سے نیا شہر آباد کیا جارہا ہے اور مقامی لوگوں کو ان کی زمینوں سے بے دخل کیا جارہا ہے، جو سراسر ناانصافی ہے۔

ہاری رہنما نے کہا کہ ملک اس وقت معاشی بحران، بے روزگاری، زرعی مسائل، پانی کی قلت اور عوامی مشکلات جیسے سنگین مسائل سے دوچار ہے، لیکن سندھ کی تقسیم جیسے معاملات عوام کی اصل مشکلات سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں۔انہوں نے حکومت اور سندھ اسمبلی کے ارکان سے مطالبہ کیا کہ سندھ کی وحدت اور سالمیت کے حوالے سے واضح مؤقف اختیار کیا جائے اور تقسیم سندھ سے متعلق تمام تجاویز کو فوری طور پر مسترد کیا جائے۔

ثمر حیدر جتوئی نے خبردار کیا کہ سندھ کے ہاری، مزدور اور محنت کش سمیت تمام عوام اپنی دھرتی کی وحدت کے تحفظ کیلئے متحد ہیں اور سندھ کو تقسیم کرنے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام اب خاموش نہیں بیٹھیں گے اور عوام کے ساتھ مل کر بھرپور جمہوری جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔