آر ایل این جی جہاز پورٹ پر نہ پہنچنے سے گیس بحران بڑھنے کا خدشہ

گیس اور تیل کی قلت کے باعث متعدد پاور پلانٹس کی پیداوار متاثر، ملک میں بجلی کا شارٹ فال 4 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کرگیا

اتوار 30 اگست 2026 14:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اگست2026ء) آر ایل این جی کا جہاز مقررہ وقت پر پورٹ پر نہ پہنچنے کے باعث ملک میں گیس بحران مزید شدت اختیار کرنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، جبکہ گیس اور تیل کی قلت کے باعث متعدد پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار میں کمی آگئی ہے۔نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کے ذرائع کے مطابق ایندھن کی قلت کے باعث بجلی کی پیداوار متاثر ہونے سے مجموعی شارٹ فال 4 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کرگیا ہے، جس کے نتیجے میں لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 3 سے 5 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔

این ٹی ڈی سی ذرائع کے مطابق آر ایل این جی کا جہاز پورٹ پر نہ پہنچنے کے باعث گیس کی دستیابی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ گیس اور تیل کی بچت کے لیے متعدد پاور پلانٹس کو ان کی مکمل پیداواری صلاحیت کے بجائے کم صلاحیت پر چلایا جا رہا ہے، جس سے بجلی کی مجموعی پیداوار میں کمی واقع ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق بجلی کی طلب اور رسد میں بڑھتے ہوئے فرق کے باعث پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو لوڈ مینجمنٹ کرنا پڑ رہی ہے، جبکہ ایندھن کی دستیابی معمول پر نہ آنے کی صورت میں بجلی کے بحران میں مزید اضافے کا خدشہ موجود ہے۔

حکام کے مطابق بجلی کی پیداوار میں کمی کا بنیادی سبب گیس اور تیل کی محدود دستیابی ہے، جس کے باعث کئی پاور پلانٹس اپنی مطلوبہ صلاحیت کے مطابق بجلی پیدا نہیں کر پا رہے۔ آر ایل این جی کی فراہمی بحال ہونے سے صورتحال میں بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔دوسری جانب بجلی کے طویل دورانیے کی بندش کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ کاروباری اور صنعتی سرگرمیاں بھی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔