حکومت نے یورو بانڈ کے ذریعے 3 ارب ڈالر حاصل کرلیے

یہ ملکی تاریخ کی سب سے بڑی بانڈ ٹرانزیکشن ہے، اس حکمتِ عملی کا بنیادی مقصد بیرونی فنانسنگ میں قرضوں کی میچورٹیز کو بڑھانا اور رول اوور کے خطرات کو کم سے کم کرنا ہے؛ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 3 ستمبر 2026 10:43

حکومت نے یورو بانڈ کے ذریعے 3 ارب ڈالر حاصل کرلیے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 ستمبر 2026ء) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان نے یورو بانڈ کے ذریعے کامیابی سے 3 ارب ڈالر حاصل کر لیے ہیں جو کہ ملکی تاریخ کی سب سے بڑی بانڈ ٹرانزیکشن ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تحت ٹیکس اصلاحات پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے بتایا کہ یورو بانڈز کے اس اجراء پر عالمی سطح پر غیر معمولی ردِعمل دیکھنے کو ملا، اپریل 2025ء سے لے کر اب تک عالمی ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں 3 مرتبہ بہتری لائی جا چکی ہے، جو بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے ملک پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا ثبوت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس بانڈ کے لیے آرڈر بک کا حجم ہدف سے دوگنا رہا، جس میں ایشیاء، مشرقِ وسطیٰ، یورپ اور امریکہ کے سرمایہ کاروں نے بھرپور دلچسپی دکھائی، اس سے ظاہر ہوتا ہے عالمی سرمایہ کار نہ صرف موجودہ معاشی صورتحال بلکہ پاکستان کے مستقبل پر بھی مکمل اعتماد رکھتے ہیں، 3 ارب ڈالر کا یہ یورو بانڈ کا اجراء کوئی عارضی یا ناگہانی فیصلہ نہیں بلکہ یہ حکومت کی 3 سالہ درمیانی مدت کی جی ایم ٹی این حکمتِ عملی کا ایک اہم حصہ ہے۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے بتایا کہ 5 سالہ اور 10 سالہ مدت کے یورو بانڈز کے لیے پاکستان کو عالمی مارکیٹ میں انتہائی مناسب اور بہتر قیمت حاصل ہوئی ہے، اس حکمتِ عملی کا بنیادی مقصد بیرونی فنانسنگ میں قرضوں کی میچورٹیز کو بڑھانا اور رول اوور کے خطرات کو کم سے کم کرنا ہے، حکومت آنے والے دنوں میں سکوک، ڈالر سیٹلڈ بانڈز اور پانڈا بانڈز کا اجراء کرکے اپنے بیرونی مالیاتی وسائل کو مزید متنوع بنا رہی ہے۔

علاوہ ازیں اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے ملکی سطح پر جاری ٹیکس اصلاحات پر بھی روشنی ڈالی، اس حوالے سے اپنی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں ٹیکس کا دائرہ کار مسلسل بڑھا رہی ہے اور ٹیکس نظام میں جامع اور بنیادی اصلاحات نافذ کی جا رہی ہیں، جن کے مثبت نتائج کی بدولت ٹیکس وصولیوں میں نمایاں بہتری دیکھنے کو ملی ہے۔