سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی نے بگ باس کی میزبانی سنبھال لی

جمعہ 4 ستمبر 2026 22:37

سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی نے بگ باس کی میزبانی سنبھال لی
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 ستمبر2026ء) بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سارو گنگولی نے کھیل کے میدان سے باہر ایک نیا چیلنج قبول کرتے ہوئے تقریبا ایک دہائی بعد ٹیلی ویژن پر میزبانی کے شعبے میں واپسی کرلی ہے۔سارو گنگولی کو مقبول رئیلٹی شو بگ باس بنگلا کے تیسرے سیزن کا میزبان مقرر کیا گیا ہے جس کی باقاعدہ نشریات 30 اگست سے اسٹار جلسا اور جیو ہاٹ اسٹار پر شروع ہوچکی ہیں۔

(جاری ہے)

سابق بھارتی کپتان نے بگ باس کو ملک کا سب سے بڑا شو قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کی مقبولیت اور مختلف زبانوں میں اس کے پھیلا نے اسے دیگر شوز سے منفرد مقام دیا ہے۔گنگولی کے لیے یہ ذمہ داری اینڈیمول شائن انڈیا کے ساتھ پہلی وابستگی بھی ہے جبکہ وہ 10 سال بعد دوبارہ کسی ٹی وی پروگرام کی میزبانی کر رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ انہوں نے ماضی میں متعدد ٹی وی شوز کیے تاہم بگ باس کی میزبانی کا تجربہ ان کے لیے بالکل نیا ہے۔واضح رہے کہ بگ باس بنگلا تقریبا ایک دہائی کے وقفے کے بعد دوبارہ شروع کیا گیا ہے۔دوسری جانب سلمان خان بدستور ہندی ورژن کی میزبانی کر رہے ہیں جس کا 20واں سیزن 6 ستمبر سے شروع ہوگا۔