گراس روٹ لیول ہاکی ڈویلپمنٹ انیشیٹو کے تحت سوات میں 30 سے زائد سرکاری اسکولوں کی انڈر 15 ہاکی ٹیموں میں ہاکی کا سامان اور مکمل کٹ بیگز تقسیم

جمعہ 4 ستمبر 2026 22:30

گراس روٹ لیول ہاکی ڈویلپمنٹ انیشیٹو کے تحت سوات میں 30 سے زائد سرکاری ..
سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 ستمبر2026ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی کی ہدایات پر گراس روٹ لیول ہاکی ڈویلپمنٹ انیشیٹو کے تحت سوات میں 30 سے زائد سرکاری اسکولوں کی انڈر 15 ہاکی ٹیموں میں ہاکی کا سامان اور مکمل کٹ بیگز تقسیم کرنے کی پروقار تقریب گورنمنٹ افضل خان لالا پوسٹ گریجویٹ کالج مٹہ، بار سوات میں منعقد ہوئی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی انٹر پروونشل کوآرڈینیشن ڈویڑن کے جوائنٹ سیکرٹری زکاء اللہ خٹک تھے جبکہ ڈاکٹر حضرت اللہ خٹک، ریجنل اسپورٹس آفیسر سوات نے بطور مہمانانِ اعزاز شرکت کی۔ معزز مہمانوں کا استقبال ڈپٹی کمشنر بار سوات کی ہدایات پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبداللہ اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس عبد اللطیف نے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں ضلع سوات کے 30 سے زائد مختلف سرکاری اسکولوں کی انڈر 15 ٹیموں میں ہاکی کٹس اور کھیلوں کا سامان تقسیم کیا گیا۔

اس اقدام کا مقصد اسکول کی سطح پر کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینا، نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنا اور طلبہ کو ہاکی کے میدان میں اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر، مختلف اسکولوں کے پرنسپلز، پی ایچ ایف اور خیبر پختونخوا ہاکی ایسوسی ایشن کے نمائندگان، کوچز، کھلاڑیوں اور کھیلوں سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔

اس موقع پر حکام نے بتایا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے گراس روٹ پروگرام کے تحت ملک بھر میں صوبائی حکومتوں کے تعاون سے اسکول ہاکی کو فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ منصوبے کے تحت جنوری 2027 میں انڈر 15 نیشنل ہاکی چیمپئن شپ کا انعقاد بھی کیا جائے گا، جبکہ پروگرام کے اگلے مراحل میں خیبر پختونخوا کے دیگر اضلاع کے علاوہ فیصل آباد، جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان تک ہاکی کٹس کی تقسیم اور اسکول ہاکی پروگرام کو وسعت دی جائے گی۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے اس اقدام کا بنیادی مقصد کم عمری سے بچوں کو قومی کھیل ہاکی کی طرف راغب کرنا، انہیں باقاعدہ تربیت اور کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنا اور گراس روٹ لیول سے باصلاحیت کھلاڑیوں کو تلاش کرکے قومی ٹیم کے لیے مضبوط نرسری تیار کرنا ہے۔تقریب میں شرکاء نے پاکستان ہاکی فیڈریشن، انتظامیہ اور متعلقہ اسپورٹس حکام کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسکول کی سطح پر ہاکی کے فروغ کے ایسے اقدامات قومی کھیل کی بحالی اور نوجوان نسل کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔