شمالی کوریا 8 ماہ میں بحری طاقت مضبوط بنانے میں ایک اور سنگ میل حاصل کرے گا، کم جونگ اُن

پیر 7 ستمبر 2026 09:15

سیئول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2026ء) شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے کہا ہے کہ ملک کی بحری افواج کو مضبوط بنانے کے منصوبوں کے تحت آئندہ 8 ماہ میں ایک اور اہم کامیابی دنیا کے سامنے پیش کی جائے گی۔ کورین سینٹرل نیوز ایجنسی کے مطابق کم جونگ اُن نے کہا کہ شمالی کوریا اس وقت بحری افواج کو مضبوط بنانے کے لیے اہم منصوبوں پر عملدرآمد کر رہا ہے اور وہ 8 ماہ بعد ایک مرتبہ پھر دنیا کے سامنے اس حوالے سے پیش رفت ثابت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اکیسویں صدی میں عالمی طاقت کا مقام مسلسل کوشش، جدت اور ترقی کے ذریعے ہی حاصل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے مختلف ایسے بحری جہازوں کی تیاری اور سروس میں شمولیت، جو دفاعی صلاحیت اور جنگی تقاضوں پر پورا اترتے ہوں، شپ یارڈز کی جدید کاری، نئی تنصیبات کی تعمیر، بحریہ کی تنظیم نو اور نئے یونٹس کے قیام کو موجودہ دور کے اہم منصوبوں کا حصہ قرار دیا۔

(جاری ہے)

کم جونگ اُن نے کہا کہ مضبوط بحریہ ملک کی خود انحصاری اور سمندری خودمختاری کے تحفظ کو یقینی بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا کو مزید فیصلہ کن اقدامات اور مؤثر نتائج کے ذریعے دنیا کو دکھانا چاہیے کہ وہ اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے کس طرح تیاری کر رہا ہے اور کیا اقدامات اٹھا رہا ہے۔واضح رہے کہ جنوری 2021 میں شمالی کوریا کی قیادت نے جوہری توانائی سے چلنے والی آبدوز کے ڈیزائن اور تیاری کا ہدف مقرر کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :