اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کی سیکرٹری جنرل سے الوداعی ملاقات،باہمی تعاون پر فریقین کا ایک دوسرے سے اظہار تشکر

بدھ 30 ستمبر 2026 16:26

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب  کی  سیکرٹری جنرل  سے الوداعی ..
اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2026ء) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے یواین سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش سے الوداعی ملاقات کی، سیکرٹری جنرل نے عالمی ادارے اور اس کے امن و ترقی کے ایجنڈے کے لیے پاکستان کے قائدانہ کردار اور بھرپور حمایت کو سراہا، انہوں نے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے موجودہ رکن کی حیثیت سے اس کے کردار کو بھی سراہا۔

اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق انتونیو گوتریش نے سفیرعاصم افتخار احمد کو پاکستان کا نیا سیکرٹری خارجہ مقرر ہونے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔سفیرعاصم افتخار احمد نے اپنے دورِ سفارت کے دوران سیکرٹری جنرل اور ان کی ٹیم کی جانب سے فراہم کردہ تعاون پر اظہار تشکر کیا اور کثیرالجہتی نظام، اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قانون کے لیے ان کی قیادت اور اصولی حمایت کو سراہا۔

(جاری ہے)

عاصم افتخار احمد نے اپریل 2025 سے اقوام متحدہ میں پاکستان کے چیف ڈیلیگیٹ کے طور پر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کی رکنیت کے دوران بھی ملک کی نمائندگی کی اور جولائی 2025 میں سلامتی کونسل کے صدر کی حیثیت سے فرائض انجام دیے۔ اس سے قبل وہ 2022 سے 2024 تک فرانس اور 2017 سے 2021 تک تھائی لینڈ میں پاکستان کے سفیر اور وزارت خارجہ کے ترجمان بھی رہ چکے ہیں۔