وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت احساس بزرگ کارڈ سے متعلق اہم اجلاس

بزرگ شہریوں کو بی آر ٹی بسوں میں مفت سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے احساس بزرگ کارڈ کے اجراء کی اصولی منظوری دے دی بزرگ شہریوں کو باوقار اور آسان سفری سہولیات کی فراہمی صوبائی حکومت کے عوام دوست ایجنڈے کا اہم حصہ ہے،وزیراعلی سہیل آفریدی

منگل 8 ستمبر 2026 21:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2026ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت احساس بزرگ کارڈ سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں بزرگ شہریوں کو بی آر ٹی بسوں میں مفت سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے احساس بزرگ کارڈ کے اجراء کی اصولی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس سہولت کے تحت 60 سال اور اس سے زائد عمر کے شہری بی آر ٹی بسوں میں مفت سفر کر سکیں گے، اس اقدام پر سالانہ تقریباً 935 ملین روپے لاگت آئے گی جو صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ بزرگ شہریوں کی نادرا سے تصدیق کے بعد انہیں پانچ ماہ کے عرصے میں احساس بزرگ کارڈز جاری کر دیے جائیں گے، جبکہ کارڈ کے غلط استعمال کی صورت میں متعلقہ شہری پر 500 روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس اقدام کا مقصد بزرگ شہریوں کو آمدورفت کے لیے باوقار، آسان اور مفت سفری سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی روزمرہ ضروریات کی انجام دہی کے لیے بہتر اور سہل انداز میں سفر کر سکیں۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ احساس بزرگ کارڈ عمران خان کے فلاحی ریاست کے وڑن کی عملی تعبیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزرگ شہریوں کو باوقار اور آسان سفری سہولیات کی فراہمی صوبائی حکومت کے عوام دوست ایجنڈے کا اہم حصہ ہے۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ احساس بزرگ کارڈ کے اجراء اور مفت سفری سہولت کی فراہمی کے عمل کو شفاف، مؤثر اور سہل بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق بزرگ شہری اس سہولت سے استفادہ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر اور دیرپا اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے گی۔