مالک مکان نے کرایہ دار کی دو بیویوں کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا

ملزمان نے خواتین کے شوہر اور کم عمر بچی کو ایک کمرے میں بند کرکے باندھ دیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 10 ستمبر 2026 11:50

مالک مکان نے کرایہ دار کی دو بیویوں کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 ستمبر 2026ء) پشاور کے نواحی علاقے گڑھی موسم خان میں ایک انتہائی انسانیت سوز واقعہ سامنے آیا ہے جہاں مالک مکان نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر کرایہ دار کی دو بیویوں کو مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلح ملزمان گھر میں داخل ہوئے اور انہوں نے ظلم کی انتہا کرتے ہوئے ایک کمرے میں کمسن بچی اور اس کے والد کو رسائی سے محروم کرنے کے لیے مضبوطی سے باندھ دیا، اس کے بعد ملزمان نے دونوں خواتین کے ساتھ بدسلوکی اور جنسی زیادتی کی۔

ایس ایس پی آپریشنز فرحان خان نے بتایا کہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث 4 مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جن کے خلاف متعلقہ تھانے میں سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے، واقعے کی سنگینی اور کمسن بچی کی موجودگی کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیس نے ایف آئی آر میں قانون کی دیگر سخت دفعات کے ساتھ چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ کی دفعہ بھی شامل کی ہے۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر سمیع نے تحقیقات سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے کی ہر زاویے سے غیر جانبدارانہ اور جلد تحقیقات کے لیے ایس پی کی سربراہی میں ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، جائے وقوعہ سے تمام سائنسی و فزیکل شواہد یکجا کرلیے گئے ہیں اور ڈی این اے ٹیسٹ و دیگر تفتیشی رپورٹس کے لیے نمونے فوری طور پر پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی بھیج دیئے گئے ہیں، مظلوم خاندان کو انصاف فراہم کرنے کے لیے تمام قانونی تقاضے جلد از جلد پورے کر کے ملزمان کو عبرتناک سزا دلوائی جائے گی۔