ممتا پروگرام، شہید بینظیرآباد میں 16 ہزار 917 خواتین رجسٹرڈ

57 صحت مراکز میں سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، رجسٹرڈ حاملہ خواتین کو 3 سال کے دوران 41 ہزار روپے امدادی رقم دی جائے گی

بدھ 9 ستمبر 2026 20:10

نواب شاہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2026ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد صدام حسین میمن کی زیر صدارت ممتا پروگرام سے متعلق ضلعی رابطہ کمیٹی کا تعارفی اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس کے دربار ہال میں منعقد ہوا، جس میں ممتا پروگرام پر مؤثر عملدرآمد، متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری اور پروگرام سے وابستہ مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں سندھ سوشل پروٹیکشن اتھارٹی شہید بینظیرآباد کے ہیڈ ہمایوں شیخ نے شرکاء کو ممتا پروگرام کے مقاصد، مستحق افراد تک سماجی تحفظ کی سہولیات کی فراہمی اور کثیرالجہتی غربت اشاریے کے ذریعے مستحق خاندانوں کی نشاندہی کے حوالے سے بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ ضلع شہید بینظیرآباد میں ممتا پروگرام کے تحت 57 صحت مراکز میں صحت کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، جبکہ اب تک 16 ہزار 917 خواتین کی رجسٹریشن مکمل کی جاچکی ہے۔

(جاری ہے)

ہمایوں شیخ نے بتایا کہ پروگرام کے تحت رجسٹرڈ حاملہ خواتین کو بچوں کی پیدائش سے لے کر ان کی عمر کے ابتدائی 3 سال کے دوران، تمام 10 حفاظتی ٹیکے مکمل کرانے کی شرط کے ساتھ مجموعی طور پر 41 ہزار روپے امدادی رقم فراہم کی جائے گی۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر صدام حسین میمن نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ممتا پروگرام کے شفاف اور مؤثر نفاذ کے لیے اداروں کے درمیان باہمی رابطہ کاری مزید مضبوط بنائی جائے اور مستحق افراد کو سہولیات کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ممتا پروگرام کے تحت حاملہ خواتین کو امدادی رقم میرٹ کی بنیاد پر بغیر کسی کٹوتی کے فراہم کی جائے۔ کسی بھی قسم کی کٹوتی کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ پروگرام کے حوالے سے عوام میں آگاہی بڑھانے کے لیے کمیونٹی آگاہی اجلاس بھی منعقد کیے جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق خواتین اس سہولت سے استفادہ کرسکیں۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر مدثر حسین ڈومکی، ڈسٹرکٹ مینیجر پی پی ایچ آئی ذاکر حسین سموں، انفارمیشن آفیسر اعجاز علی تیونو، اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا اسداللہ، سرسوں کے سربراہ کامران کیریو، محکمہ بلدیات، محکمہ آبادی، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :