دنیا بھر میں 2025 میں سکولوں پر حملوں میں 33 فیصد اضافہ ہوا،یونیسکو

جمعرات 10 ستمبر 2026 12:32

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2026ء) اقوام متحدہ کی تعلیمی ، سائنسی اور ثقافتی تنظیم یونیسکو نے دنیا بھر میں سکولوں پر حملوں میں مسلسل اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2025 میں دنیا بھر میں سکولوں پر 1,680 حملے ریکارڈ کیے گئے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 33 فیصد زیادہ ہیں۔ اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق یونیسکو نے گزشتہ روز ’’ تعلیم کو حملوں سے محفوظ رکھنے کے عالمی دن‘‘ کے موقع پر نے کہا کہ 2025 میں دنیا بھر میں سکولوں پر 1,680 حملے ریکارڈ کیے گئے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 33 فیصد زیادہ ہیں۔

اس کے علاوہ دنیا بھر میں تقریباً 25 کروڑ 80 لاکھ بچے اور نوعمر افراد مختلف بحرانوں کے باعث اپنی تعلیم سے محروم یا متاثر ہوئے، جن میں 9 کروڑ 30 لاکھ بچے مکمل طور پر سکول سے باہر ہیں۔

(جاری ہے)

یونیسکو کے ڈائریکٹر جنرل خالد العنانی نے اپنے پیغام میں کہا کہ سکولوں پر حملوں میں تیزی سے ہونے والے اضافے پر انہیں شدید تشویش ہے کیونکہ اس کے نتیجے میں بچے تحفظ، تعلیم اور امید سے محروم ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سکولوں اور جامعات کا ہر حال میں تحفظ کیا جانا چاہیے اور تمام فریقین کو بین الاقوامی قانون کا احترام کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ بحران کے دوران بھی تعلیم محفوظ اور باوقار ماحول میں جاری رہے۔ تازہ عالمی اعداد و شمار کے مطابق 2025 میں اقوام متحدہ نے سکولوں پر 1,680 حملوں کی تصدیق کی جو2024 کے مقابلے میں 33 فیصد زیادہ ہے،2024 میں سکولوں پر حملوں کی یہ تعداد 1,265 تھی۔

بحرانوں سے متاثر ہو کر سکول سے باہر ہونے والے بچوں میں سے تقریباً 80 فیصد یعنی74 ملین بچے، صرف 20 ممالک میں رہتے ہیں جہاں دنیا کے شدید ترین بحران جاری ہیں۔ ان حالات میں سب سے زیادہ کمزور بچوں کے لیے تعلیم تک رسائی مزید مشکل ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق 74 فیصد مہاجر بچے، 52 فیصد اندرونِ ملک بے گھر بچے اور 45 فیصد معذور بچے سکولوں سے باہر ہیں۔

بحرانوں کے اثرات طویل عرصے تک برقرار رہ سکتے ہیں۔ تعلیم جتنے زیادہ عرصے تک متاثر رہے گی، بچوں کے دوبارہ سکول واپس نہ آنے کا خطرہ اتنا ہی بڑھ جائے گا۔ بالخصوص لڑکیوں کو استحصال اور بدسلوکی کا زیادہ خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔یہ صورتحال مسلح تنازعات کے دوران بچوں کے تحفظ میں مجموعی بگاڑ کی بھی عکاسی کرتی ہے۔ اقوام متحدہ نے 2025 میں بچوں کے خلاف 38,558 سنگین خلاف ورزیوں کی تصدیق کی، جن سے 24,174 بچے متاثر ہوئے۔

یہ اقوام متحدہ کے نگرانی کے نظام کے آغاز کے بعد سب سے زیادہ تعداد ہے۔ ان بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر یونیسکو تنازعات اور بحرانوں سے متاثرہ 20 سے زائد ممالک میں اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔ اس کا مقصد تین سطحوں پر اقدامات کرنا ہے جن میں بحرانوں سے نمٹنے کے لیے تیاری کو مضبوط بنانا، سکولوں کے متاثر ہونے کی صورت میں تعلیم کا تسلسل برقرار رکھنا اور فوری بحران ختم ہونے کے بعد تعلیمی نظام کی بحالی میں مدد فراہم کرنا شامل ہیں۔ ’’تعلیم کو حملوں سے محفوظ رکھنے کا عالمی دن‘‘ منانے کا مقصد مسلح تنازعات کے دوران سکولوں، طلبہ اور اساتذہ کے تحفظ کی فوری ضرورت کے بارے میں عالمی سطح پر آگاہی پیدا کرنا ہے۔