میڈی کیم گروپ کے وفد کا پاکستان امریکن کلچرل سینٹر کا دورہ

خلیل احمد نینی تال والا، خرم خلیل نینی تال والا اور رمیز نینی تال والا کو ادارے کی تعلیمی، ادبی و ثقافتی سرگرمیوں پر بریفنگ

جمعرات 10 ستمبر 2026 14:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2026ء) پاکستان امریکن کلچرل سینٹر (پی اے سی سی) کے صدر سید مخدوم علی ریاض کی دعوت پر میڈی کیم گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین خلیل احمد نینی تال والا، چیف آپریٹنگ آفیسر خرم خلیل نینی تال والا اور ڈائریکٹر رمیز نینی تال والا نے پاکستان امریکن کلچرل سینٹر کا دورہ کیا۔اس موقع پر مہمانوں نے پی اے سی سی کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا، جہاں انہیں ادارے کی جانب سے جاری تعلیمی، ادبی، ثقافتی اور سماجی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

دورے کے دوران خلیل احمد نینی تال والا اور خرم خلیل نینی تال والا نے ترقی، پائیداری اور بہتر مستقبل کے عزم کی علامت کے طور پر پی اے سی سی کے احاطے میں پودا بھی لگایا۔مہمانوں نے پاکستان امریکن کلچرل سینٹر کی مختلف سرگرمیوں اور اقدامات کو سراہتے ہوئے ادارے کی جانب سے تعلیم اور ثقافتی ترقی کے لیے جاری خدمات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے 20 ستمبر 2026 کو منعقد ہونے والے چوتھے لرننگ فیسٹیول کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دن بھر جاری رہنے والے اس فیسٹیول میں مختلف ورکشاپس، سیمینارز، تعلیمی سرگرمیوں اور باہمی شرکت پر مبنی نشستوں کا اہتمام کیا جائے گا، جن کا مقصد علم کے فروغ، مہارتوں کی ترقی اور معاشرے کی شمولیت کو بڑھانا ہے۔میڈی کیم گروپ کے وفد نے پی اے سی سی کے آئندہ اقدامات کی کامیابی کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔