Live Updates

چوہدری شافع حسین سے قازقستان کے قونصل جنرل راؤ خالد مصطفی کی ملاقات

جمعرات 10 ستمبر 2026 17:21

چوہدری شافع حسین سے قازقستان کے قونصل جنرل راؤ خالد مصطفی کی ملاقات
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2026ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے قازقستان کے قونصل جنرل راؤ خالد مصطفی نے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران پنجاب اور قازقستان کے مابین معاشی تعاون کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی۔پنجاب اور قازقستان کے مابین مختلف شعبوں میں اشتراک، مشترکہ منصوبوں اور باہمی سرمایہ کاری کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اور قازقستان کے مابین،ٹیکسٹائل،سیاحت،ٹیکنیکل ایجوکیشن،ای وی سیکٹر اور دیگر شعبوں میں اشتراک کی وسیع گنجائش موجود ہے۔دونوں جانب کے سرمایہ کار مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مشترکہ منصوبے بھی شروع کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع اور عالمی معیار کا صنعتی انفراسٹرکچر موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے سپیشل اکنامک زونز کے حوالے سے لینڈ لیز پالیسی بھی دی ہے۔اس نئی صنعتی پالیسی کے تحت اب سپیشل اکنامک زون میں صنعتی یونٹ لگانے کیلئے 30 سے 50 سال کی لیز پر بھی پلاٹ حاصل کیا جاسکتا ہے۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ خصوصی اقتصادی زونز میں مختلف بنکوں کی برانچیں بھی لارہے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ قازقستان کے سرمایہ کار پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائیدہ اٹھائیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی میں اسی ماہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے کورسز بھی شروع کئے جارہے ہیں۔پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اور قازقستان کے فنی تعلیم کے اداروں کے مابین باہمی اشتراک کا معاہدہ بھی کیا جاسکتا ہے چوہدری شافع حسین نے بتایا کہ پنجاب میں متعدد غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیوں نے اپنے صنعتی یونٹس قائم کئے ہیں۔

یہاں میں لیتھیئم بیٹریاں اور ٹوویلر الیکٹرک وہیکلز کے کارخانے لگ چکے ہیں۔مزید غیر ملکی کمپنیاں پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے آرہی ہیں قازقستان کے سرمایہ کار بھی یہاں سرمایہ کاری کریں،ہر ممکن سہولت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی وزارت برائے آوور سیز پاکستانیز وہیومن ڈیولپمنٹ نے اٹلی،سعودی عرب اور عمان کے ساتھ ہنرمند افرادی قوت کے حوالے سے معاہدے کر رکھے ہیں جبکہ۔

قازقستان میں ہنرمند افرادی قوت بھجوانے کا معاہدہ بھی کیا جاسکتا ہے۔پنجاب میں سرمایہ کاروں کی ڈیمانڈ اور انڈسٹری کی ضرورت کے پیش نظر نئی انڈسٹریل اسٹیٹس بھی بنائی جارہی ہیں انہوں نے بتا یا کہ قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں گارمنٹ سٹی بن چکا،200ایکڑ رقبے پر فارما سیوٹیکل ویلی بھی بنائی جائے گی۔ قازقستان کے قونصل جنرل راؤ خالد مصطفی نے کہا کہ قازقستان اور پنجاب کے مابین معاشی تعاون کیلئے مختلف شعبوں کی نشاندھی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول موجود ہے،قازقستان کے سرمایہ کاروں کو اس بارے آگاہ کیا جائے گا۔
Live سعودی عرب سے متعلق تازہ ترین معلومات