پولیس اہلکار 6 ماہ سے تنخواہوں سے محروم، مالی مشکلات کا شکار

جمعرات 10 ستمبر 2026 17:19

پولیس اہلکار 6 ماہ سے تنخواہوں سے محروم، مالی مشکلات کا شکار
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2026ء) شہر قائد میں پولیس کے متعدد اہلکار گزشتہ چھ ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث شدید مالی مشکلات کا شکار ہوگئے، متاثرہ اہلکاروں کا کہنا ہے کہ بھرتی کے بعد سے انہیں باقاعدگی سے تنخواہیں نہیں مل رہیں، بعض اہلکاروں کو صرف ایک ماہ کی تنخواہ جاری کی گئی ہے۔متاثرہ پولیس اہلکاروں کے مطابق سال 2024ء میں اخبارات میں شائع ہونے والے اشتہارات کے ذریعے بڑی تعداد میں پولیس اہلکاروں کو بھرتی کیا گیا تھا، تاہم ملازمت اختیار کرنے کے باوجود انہیں بروقت تنخواہوں کی ادائیگی کا سامنا ہے، جس کے باعث وہ اور ان کے اہل خانہ مالی پریشانیوں سے دوچار ہیں۔

اہلکاروں نے الزام عائد کیا کہ اے جی سندھ کے متعلقہ دفتر کے بعض افسران مبینہ طور پر ماہانہ تنخواہ کے اجرا کے عوض رقم طلب کرتے ہیں، جس کے باعث تنخواہوں کے معاملات مزید پیچیدہ ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

تاہم ان الزامات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔متاثرہ اہلکاروں نے وزیراعلیٰ سندھ، وزیر خزانہ، وزیر داخلہ اور محکمہ پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لے کر گزشتہ چھ ماہ کی واجب الادا تنخواہیں بلا تاخیر جاری کی جائیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ تنخواہوں کے اجرا میں مبینہ رکاوٹیں ڈالنے اور غیر قانونی رقم طلب کرنے کے الزامات کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔پولیس اہلکاروں کا کہنا تھا کہ وہ عوام کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں، ایسے میں کئی ماہ تک تنخواہوں سے محروم رکھنا نہ صرف ان کے لیے شدید مالی مشکلات کا باعث ہے بلکہ ان کے اہل خانہ بھی پریشانی کا شکار ہیں۔