Live Updates

ٹرمپ نے ایران جنگ کے خاتمے کی امید ظاہر کردی، خطے میں تاہم کشیدگی برقرار

DW ڈی ڈبلیو جمعرات 17 ستمبر 2026 14:00

ٹرمپ نے ایران جنگ کے خاتمے کی امید ظاہر کردی، خطے میں تاہم کشیدگی برقرار
  • ٹرمپ نے ایران جنگ کے خاتمے کی امید ظاہر کردی، خطے میں تاہم کشیدگی برقرار

ٹرمپ نے ایران جنگ کے خاتمے کی امید ظاہر کردی، خطے میں تاہم کشیدگی برقرار

ایران جنگ کے ساتویں ماہ میں داخل ہونے کے ساتھ ہی تنازع مزید پھیل گیا ہے۔ سعودی طیاروں نے یمن میں حوثی جنگجوؤں کے ٹھکانوں پر شدید بمباری کی اور حوثیوں نے سعودی شہروں پر ڈرون اور میزائل حملے کیے۔

ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کی یمن میں بحیرۂ احمر کے ساحلی علاقوں پر تیز رفتار پیش قدمی، سعودی عرب پر ان کے حملوں اور مملکت کی مشرقی و مغربی آئل پائپ لائن کو نقصان پہنچانے والی کارروائیوں نے نہ صرف جنگ میں تہران کے اثر و رسوخ کو مزید بڑھا دیا ہے بلکہ عالمی تیل کی ترسیل کے حوالے سے خطرات میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

جنگ کے نئے محاذ تک پھیلنے کے بعد امریکہ نے سعودی عرب کے لیے اپنے سفری انتباہ کو مزید سخت کردیا ہے اور امریکی حکومتی ملازمین کو یمن کی سرحد سے 30 کلومیٹر اندر تک سفر کرنے سے روک دیا ہے۔

تاہم، حوثیوں اور سعودی عرب کے درمیان لڑائی کی اطلاعات کے چند گھنٹے بعد بدھ کی شام صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا، ’’امید ہے کہ ہم جنگ کے اختتام کے قریب ہیں۔‘‘

ایران معاہدہ چاہتا ہے، ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، ’’وہ معاہدہ کرنا چاہتے ہیں، دیکھتے ہیں کہ کیا صورتحال پیدا ہوتی ہے۔

‘‘ انہوں نے اپنے سابقہ بیانات کو دہراتے ہوئے کہا کہ انہیں ایران کی جانب سے ’’براہ راست‘‘ پیغام بھی ملا ہے، تاہم انہوں نے اس کی تفصیلات نہیں بتائیں۔

ٹرمپ 28 فروری کو شروع ہونے والی جنگ کے حوالے سے اپنے اہداف اور اس کے ممکنہ دورانیے کے بارے میں مختلف اوقات میں مختلف بیانات دیے ہیں۔ اس جنگ کا آغاز اس وقت ہوا جب امریکہ اور اسرائیل نے ایران پر حملے کیے اور تہران نے اسرائیل اور خلیجی ریاستوں میں موجود امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا۔

ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جنگ کے نتیجے میں تیل اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ نومبر میں امریکہ میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات سے قبل ٹرمپ کی ریپبلکن پارٹی کے لیے ایک اہم سیاسی مسئلہ بن گیا ہے۔

ایران جنگ کا دائرہ یمن تک پھیل جانے سے عالمی توانائی کی فراہمی کا بحران مزید سنگین ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

اس جنگ کے باعث آبنائے ہرمز کے ذریعے جہاز رانی پہلے ہی متاثر ہو چکی ہے، جبکہ تنازع سے قبل دنیا کے تقریباً 20 فیصد خام تیل اور مائع قدرتی گیس (LNG) کی ترسیل اسی اہم آبی گزرگاہ سے ہوتی تھی۔

یمن میں سعودی حملوں میں ایک شخص ہلاک

ادھر یمن میں سعودی عرب کے فضائی حملوں میں ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا جبکہ تین ٹیلی کمیونیکیشن ٹاورز کو نشانہ بنایا گیا۔

ایران کی حمایت یافتہ حوثی تحریک کے میڈیا نے جمعرات کو یہ دعویٰ کیا۔

حوثی ٹیلی ویژن چینل المسیّرہ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ تعز صوبے میں ’’ دشمن سعودی کے جنگی طیاروں نے تین ٹیلی کمیونیکیشن ٹاورز کو نشانہ بنایا‘‘ جبکہ صوبے کے شہر عبس پر کیے گئے حملوں میں ایک شہری ہلاک اور ایک دیگر زخمی ہوگیا۔

بدھ کے روز ریاض نے حوثیوں پر مسلمانوں کے مقدس شہر مکہ پر حملہ کرنے کا الزام عائد کیا تھا، تاہم حوثیوں نے اس الزام کی فوری طور پر تردید کی تھی۔

ادارت: کشور مصطفیٰ

Live سعودی عرب سے متعلق تازہ ترین معلومات