12 سال قبل قتل قرار دی گئی خاتون زندہ مل گئی، 2014 کا قتل کیس دوبارہ کھل گیا

خاتون نے رشتہ دار کے ذریعے سسرال سے اپنے ہی قتل کے تصفیے کے لیے8لاکھ وصول کیئے‘ شاکونتلا دیوی 12سال سے شناخت بدل کر جھارکھنڈ میں میں رہ رہی تھی. پولیس حکام

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 17 ستمبر 2026 16:39

12 سال قبل قتل قرار دی گئی خاتون زندہ مل گئی، 2014 کا قتل کیس دوبارہ کھل ..
نئی دہلی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔17 ستمبر ۔2026 ) بھارت میں 12 سال قبل قتل قرار دی گئی شاکونتلا دیوی زندہ مل گئی، جس کے بعد اس کے شوہر اور سسرالی رشتہ داروں کے خلاف 2014 کا قتل کیس دوبارہ کھل گیا، جبکہ نہر سے ملنے والی لاش کی شناخت بھی معمہ بن گئی ہے بھارتی جریدے کے مطابق شاکونتلا دیوی 2014 میں بھارتی ریاست بہار کے ضلع روہتاس میں اپنے سسرال سے لاپتا ہوگئی تھی اس کے بھائی نے پولیس کو اطلاع دیتے ہوئے بتایا تھا کہ شاکو نتلا نے جہیز کے مطالبے پر سسرالی خاندان کی جانب سے مبینہ ہراسانی کی شکایت کی تھی.

(جاری ہے)

مقدمہ درج ہونے کے دو روز بعد کھنڈا گاﺅں کے قریب ایک نہر سے ایک نامعلوم خاتون کی لاش برآمد ہوئی شاکونتلا کے بھائی اور ایک مقامی اہلکار نے مبینہ طور پر لاش کی شناخت شاکونتلا کے طور پر کی لاش کا پوسٹ مارٹم کیا گیا، جس کے بعد مقدمے میں قتل سے متعلق دفعات بھی شامل کردی گئیں لاش ملنے کے بعد شاکونتلا کے شوہر ارون مہتا، سسر دلیپ اور دیور گووند کمار سمیت دیگر افراد کو گرفتار کیا گیا ارون نے کچھ عرصہ جیل میں گزارا، تاہم بعد میں اسے ضمانت مل گئی اور قانونی کارروائی جاری رہی.

خاندان کے مطابق بعد ازاں یہ معاملہ مالی تصفیے تک بھی پہنچا خاندان کے وکیل کا دعویٰ ہے کہ شاکونتلا کے اہل خانہ نے معاملہ ختم کرنے کے لیے 8 لاکھ بھارتی روپے کا مطالبہ کیا تھامہتا خاندان کا کہنا ہے کہ رقم ادا کرنے کے لیے انہیں آبائی زمین تک فروخت کرنا پڑی خاندان کے وکیل کے مطابق تقریباً دو ماہ قبل شاکونتلا کے سسر کو اطلاع ملی کہ اسے پڑوسی ریاست جھارکھنڈ میں دیکھا گیا ہے خاندان کے افراد وہاں پہنچے اور دعویٰ کیا کہ انہوں نے خاتون کو پہچان لیا بعد ازاں خاندان نے روہتاس پولیس سے رابطہ کیا.

پولیس کی تحقیقات کے دوران خاتون کا سراغ جھارکھنڈ کے ضلع گڑھوا کے گاﺅں لہباری تک پہنچا، جہاں پولیس کے مطابق وہ ”کانتی دیوی“ کے نام سے ایک دوسرے شخص کے ساتھ رہ رہی تھی پولیس نے خاتون کو روہتاس واپس لانے کے بعد ساسارام کی عدالت میں پیش کیا حکام نے اس کے خلاف مبینہ فراڈ اور مجرمانہ سازش سمیت مختلف الزامات کے تحت کارروائی شروع کردی ہے.

شاکونتلا کے زندہ ملنے کے بعد 2014 کا پورا واقعہ ایک نئے رخ اختیار کرگیا ہے پولیس اب دوبارہ تحقیقات کرتے ہوئے یہ معلوم کرنے کی کوشش کررہی ہے کہ 12 سال قبل نہر سے برآمد ہونے والی لاش کس خاتون کی تھی اور اسے شاکونتلا کے طور پر شناخت کیسے کیا گیا تفتیش کار یہ بھی جاننا چاہتے ہیں کہ شاکونتلا کے بھائی نے لاش کو اپنی بہن کے طور پر کیوں شناخت کیا پولیس کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد اگر کسی فرد کے خلاف غلط بیانی، جعل سازی یا کسی اور غیر قانونی اقدام کے شواہد سامنے آئے تو قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی.