سرگودھا پریس کلب میں سیرت النبیﷺ کانفرنس کا انعقاد

پیر 21 ستمبر 2026 18:09

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2026ء) سرگودھا پریس کلب میں سیرت النبیﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ،جس میں صاحبزادہ قاضی نگاہ مصطفی چشتی نے خصوصی شرکت کی۔تقریب کےمہمان خصوصی ڈاکٹر لیاقت علی خان تھے۔ سینئر نائب صدر ذوالفقار ہاشمی، نائب صدر رانا محمد اشرف نے آنے والے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئےصاحبزادہ قاضی نگاہِ مصطفی چشتی نےحضور ﷺ کی حیاتِ مبارکہ پر روشنی ڈالی اور شرکاء کو سیرت نبویﷺ کی پیروی پر زور دیا ۔

اس موقع پر مہمانِ خصوصی ڈاکٹر لیاقت علی خان نے پریس کلب کی انتظامیہ کو محفل میلاد و سیرت النبیﷺ کانفرنس منعقد کروانے پر خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ جشنِ عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کا جشن نصیب والےمناتےہیں ،میرے لیے پروگرام میں شرکت باعثِ فخر و صد افتخار اور خوش قسمتی ہے۔

(جاری ہے)

آخر میں قاضی نگاہِ مصطفی چشتی نے صدر سرگودھا پریس کلب عبدالحنان چوہدری کی صحت یابی اوردیگرصحافیوں اور اُنکے عزیز و اقارب و ملکی و قومی سلامتی کیلئے خصوصی دعا کروائی۔

اس موقع پر دیگر مہمانانِ گرامی میں معروف ٹرانسپورٹر ملک اشرف برہان، سید اعجاز حسین شیرازی، ملک شوکت مجید اعوان، محمد نعیم الحق اور منتظمین میں محفل میلاد کمیٹی ﷺ کے چیئر مین حاجی سلیم قادری، مدثر عباس پاشا، حاجی منیر تبسم و دیگر شامل تھے۔ محفلِ میلاد میں صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔